پشاور، صوبہ بھر میں عیدالاضحی صفائی مہم کامیابی سے مکمل

24 ہزار 939 ٹن آلائشیں ،کچرا بروقت ،مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا

پیر 9 جون 2025 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ صفائی مہم کے دوران صوبے بھر میں24 ہزار 939 ٹن آلائشیں اور کچرا بروقت اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا۔ ہر ضلع میں اوسطاً 693 ٹن کچرا تلف کیا گیا جبکہ صفائی مہم میں کل 10 ہزار 779 اہلکاروں نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 1289 شکایات موصول ہوئیں، جنہیں بروقت اور مؤثر طریقے سے حل کیا گیااور وسیع پیمانے پر صفائی مہم انتہائی کم لاگت میں پایہء تکمیل تک پہنچی۔مہم پر مجموعی طور پر 78.5 ملین روپے خرچ ہوئے اورہر ضلع میں اوسطاً 2.5 ملین روپے صفائی مہم پر خرچ ہوئے جبکہ بعض اضلاع میں خرچہ نہ ہونے کے برابر رہا۔مشیر اطلاعات نے صفائی مہم میں شریک تمام اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا اوروزیر اعلیٰ کی جانب سے بھی تمام متعلقہ اداروں کو شاباش دی۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے صفائی مہم کے دوران تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی تھی اور اسی طرح مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے صفائی مہم کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔

متعلقہ عنوان :