حنیف عباسی سے انجمن امامیہ اثنا عشریہ راولپنڈی کے وفد کی ملاقات

محرم الحرام کے انتظامات اور زائرین کو درپیش مسائل بارے تبادلہ خیال کیا

بدھ 18 جون 2025 20:20

حنیف عباسی سے انجمن امامیہ اثنا عشریہ راولپنڈی کے وفد کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی سے انجمن امامیہ اثنا عشریہ راولپنڈی کے ایک وفد نے صدر سید مشتاق شاہ کی قیادت میں ملاقات کی ،جنرل سیکرٹری سید مجتبیٰ نقوی، نائب صدر محسن بھٹ، فنانس سیکرٹری جعفر بھٹ، جوائنٹ سیکرٹری سید علی نقوی اور سیکریٹری اطلاعات سید اعجاز شاہ شامل تھے۔

ملاقات میں محرم الحرام 1447ھ کے حوالے سے انتظامی ا مور، عزاداروں کو درپیش مسائل، جلوسوں کے راستوں میں رکاوٹیں، پانی کی فراہمی اور سیکیورٹی سمیت دیگر اہم امور زیر بحث آئے۔ وفد نے وزیر ریلوے کو آگاہ کیا کہ محرم کے دوران جلوسوں اور مجالس کے راستوں میں غیر ضروری رکاوٹیں شرکا کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنتی ہیں جبکہ پانی کی قلت اور صفائی کے مسائل بھی اہم چیلنجز ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر ریلوے نے وفد کے مسائل کو نہایت سنجیدگی سے سنا اور کمشنر راولپنڈی کو فوری ہدایات جاری کیں کہ وہ موقع پر جا کر حالات کا جائزہ لیں اور تمام امور کو جلد از جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو پانی، صفائی، سکیورٹی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وفد نے وزیر ریلوے کے فوری اقدامات اور ذاتی دلچسپی پر اظہار تشکر کیا اور ا مید ظاہر کی کہ محرم میں انتظامات مزید بہتر اور مو ثر ہوں گے۔