یونیورسٹی آف سرگودھا میں ریسرچ سپورٹ پروگرام اور ڈیجیٹل لائبریری پورٹل کا آغاز کر دیا گیا

بدھ 25 جون 2025 16:49

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کی وزیر آغا لائبریری نے طلبہ، اساتذہ و محققین کو جدید علمی مہارتوں اور وسائل سے آراستہ کرنے کیلئے ریسرچ سپورٹ پروگرام، انفارمیشن لٹریسی پروگرام اور ڈیجیٹل لائبریری پورٹل کا افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب ملک فیروز خان نون بزنس سکول ہال میں منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس تھے۔

تقریب میں چیف لائبریرین ڈاکٹر محمد آصف نوید، مختلف شعبہ جات کے ڈائریکٹرز، ڈینز، چیئرمین اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔افتتاحی خطاب میں وائس چانسلر نے ان منصوبوں کو تحقیقی ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف تحقیق کے وسائل تک رسائی فراہم کریں گے بلکہ یونیورسٹی میں علمی جستجو، فکری تخلیق اور معیاری تحقیق کو نئی جہت دیں گے،ہماری کوشش ہے کہ ہم ایسے علمی و فکری ماحول کو فروغ دیں جہاں طلبہ اور اساتذہ عالمی معیار کی تحقیق میں حصہ لے سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ان پروگرامز کے ذریعے ہم علم کے تخلیقی استعمال کو فروغ دیں گے، جو یونیورسٹی کی علمی شناخت کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مزید مستحکم کرے گا۔چیف لائبریرین ڈاکٹر محمد آصف نوید نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ریسرچ سپورٹ پروگرام محققین کو تحقیق کی تیاری، ریسرچ پرپوزل نویسی سے متعلق جامع رہنمائی فراہم کرے گا جبکہ انفارمیشن لٹریسی پروگرام کا مقصد طلبہ اور اساتذہ میں تحقیق سے متعلق معلومات تلاش کرنے، تجزیہ کرنے اور مؤثر انداز میں استعمال کرنے کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے تاکہ وہ علمی اور پیشہ ورانہ میدان میں کامیاب ہو سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ لائبریری پورٹل ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو تحقیقی ڈیٹابیسز، تعلیمی مواد اور بین الاقوامی علمی ذخائر تک رسائی فراہم کرے گا، جس سے تمام شعبہ جات کے محققین کو معلومات تک بآسانی رسائی ممکن ہو گی۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات طلبہ کو روایتی تعلیم سے ہٹ کر تحقیق پر مبنی عمل کی طرف راغب کریں گے، جو ان کی علمی استعداد کو بڑھانے اور یونیورسٹی کی مجموعی علمی ساکھ کو بلند کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔