سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت وفاقی محکموں کی رائٹ سائزنگ سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ، وزارت ریلوے اور وزارتِ بحری امور کا جائزہ لیا

ْحکومت ایک زیادہ ذمہ دار، نتائج پر مبنی اور عوام دوست انتظامی ڈھانچے کی تشکیل کیلئے پرعزم ، ہر وزارت ، محکمہ اپنے فرائض و دائرہ کار کو واضح اہداف اور قابل پیمائش کارکردگی کے اشاریوں کے ساتھ ہم آہنگ کرے،وفاقی وزیرخزانہ

پیر 7 جولائی 2025 22:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)وفاقی وزیرخزانہ سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت ایک زیادہ ذمہ دار، نتائج پر مبنی اور عوام دوست انتظامی ڈھانچے کی تشکیل کیلئے پرعزم ہے ، ہر وزارت اور محکمہ اپنے فرائض و دائرہ کار کو واضح اہداف اور قابل پیمائش کارکردگی کے اشاریوں کے ساتھ ہم آہنگ کرے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے محکموں کی رائٹ سائزنگ سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو وزارتِ خزانہ میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر بحری امور، محمد جنید انوار چوہدری، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی،وزارت خزانہ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور دیگر متعلقہ وزارتوں و محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے سفیر خصوصی سلمان احمد کی زیر صدارت سب کمیٹی کی جانب سے وزارتِ ریلوے کے بارے میں پیش کی گئی سفارشات کا جائزہ لیا۔ ان سفارشات میں ادارہ جاتی ڈھانچے کو بہتر بنانے، انسانی وسائل کی تقسیم کو منطقی انداز میں ترتیب دینے اور قومی ترجیحات کے مطابق محکماتی افعال کو ہم آہنگ کرنے پر زور دیا گیا تاکہ کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔

اجلاس میں وزارتِ بحری امور سے متعلق تعارفی سیشن بھی منعقد ہوا جس میں وزارت کی کارکردگی، جاری رد و بدل کی کوششوں، اور ان کے عوامی پالیسی و سروس ڈیلیوری پر اثرات کا جائزہ پیش کیا گیا۔ اس پریزنٹیشن میں وزارت کے ماتحت اداروں کی کارکردگی، ادارہ جاتی بہتری کے لئے مجوزہ اقدامات، تکرار کے خاتمے اور محدود وسائل میں بہتر نتائج حاصل کرنے کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی گئی۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ رائٹ سائزنگ صرف اخراجات کم کرنے کا عمل نہیں بلکہ یہ ایک سٹریٹجک اصلاحاتی اقدام ہے جس کا مقصد سرکاری شعبے کی استعداد کار کو بہتر بنانا، احتساب کو مضبوط کرنا اور عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر وزارت اور محکمہ اپنے فرائض و دائرہ کار کو واضح اہداف اور قابل پیمائش کارکردگی کے اشاریوں کے ساتھ ہم آہنگ کرے تاکہ عوامی وسائل کا موثر استعمال ممکن بنایا جا سکے۔

وزیر خزانہ نے سرکاری شعبے میں وسیع تر اصلاحاتی ایجنڈے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک زیادہ ذمہ دار، نتائج پر مبنی اور عوام دوست انتظامی ڈھانچے کی تشکیل کیلئے پرعزم ہے اور کابینہ کمیٹی اس سمت میں اپنی مشاورت اور کوششیں جاری رکھے گی۔انہوں نے سب کمیٹی کی کوششوں کو سراہا اور تمام وزارتوں پر زور دیا کہ وہ اس عمل میں سرگرمی سے حصہ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ شفاف جائزہ اور شواہد کی بنیاد پر فیصلے اس اصلاحاتی عمل کی بنیاد رہیں گے۔اجلاس میں متعلقہ وزارتوں سے مشاورت کے بعد آئندہ کے جائزوں اور قابلِ عمل منصوبوں کی تیاری کی ہدایت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :