ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں جلد برن یونٹ کا قیام عمل میں آ جائے گا،سی ای او

بدھ 9 جولائی 2025 18:30

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سروسزسرگودھا ڈاکٹر سارہ صفدر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں مریضوں کے لیے برن یونٹ کے قیام کو ترجیح دی جا رہی ہے، برن یونٹ کا قیام ہماری ترجیحات میں شامل ہےاور اس مقصد کے لیے ضلعی و صوبائی سطح پر ہر ممکن اقدام اُٹھا رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے برن یونٹ کے قیام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں ایمرجنسی بلاکس، ڈریسنگ رومز، اور آپریشن تھیٹرز سمیت کئی اہم شعبوں میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے۔ ایمرجنسی کے واش رومز کی ازسرِنو تعمیر، آپریشن تھیٹرز میں جدید مشینری کی تنصیب، ہسپتال کے احاطے میں دو نئے آر او واٹر پلانٹس کی تنصیب اور 100 سے زائد آرام دہ بینچز کی فراہمی جیسے اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بچوں کے وارڈ اور نرسری کو جدید رحمت اللعالمین بلاک میں منتقل کیا جا رہا ہے جہاں معیاری طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ ہسپتال میں آنے والے ہرمریض کو ادویات اور تمام میڈیکل ٹیسٹ بالکل مفت فراہم کیے جا رہے ہیں اور تمام ضروری ادویات ہسپتال میں موجود ہیں۔ ڈاکٹر سارہ صفدر نے کہا کہ بزرگ شہریوں کے لیے بھی علیحدہ سہولت دی جا رہی ہے تاکہ اُنہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ برن یونٹ کا قیام ان کی ترجیح ہے اور وہ اس مقصد کے لیے ضلعی و صوبائی سطح پر ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں ،سرگودھا جیسے بڑے شہر میں برن یونٹ کا نہ ہونا ایک سنگین خلاء ہے جسے جلد پُر کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :