Live Updates

پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری، علی پور میں حفاظتی بند ٹوٹ گیا، درجنوں دیہات زیر آب، بہاولنگر میں سینکڑوں گاؤں ڈوب گئے

اتوار 7 ستمبر 2025 12:10

پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری، علی پور میں حفاظتی بند ٹوٹ گیا، ..
علی پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے، جہاں علی پور میں سپر بند کے ٹوٹنے سے درجنوں مواضعات زیر آب آ گئے ہیں۔موضع عظمت پور کے علاقے میں سپر بند ٹوٹنے سے تحصیل علی پور کے وسیع علاقے میں پانی داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

بہاولنگر میں سیلاب کی شدت نے 143 دیہات کو زیر آب کر دیا ہے اور ایک لاکھ سے زائد افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔

(جاری ہے)

اس علاقے میں سیلاب نے گھروں، فصلوں اور دیگر ضروریات زندگی کو تباہ کر دیا ہے، جس سے مقامی عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی سطح میں کمی آئی ہے، لیکن اس کے باوجود اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جس سے مزید علاقوں میں پانی کی آمد کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔اسی دوران، دریائے راوی کے مائی صفوراں بند سے نکلنے والے سیلابی ریلے نے کبیروالا کے 40 دیہات کو ڈبو دیا ہے، جس سے 80,000 سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ سیلاب نے فصلوں، گھروں اور سرکاری عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات