غیرملکیوں کےلئےجائیداد کی خریداری کے قانون پرعمل درآمد جنوری 2026 سے کیا جائے گا، سعودی وزیر

جمعرات 10 جولائی 2025 10:20

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) سعودی عرب کےوزیر بلدیات و ہائوسنگ اور جنرل اتھارٹی برائے ریئل سٹیٹ کے چیئرمین ماجد بن عبداللہ بن حمد الحقیل نے کہا ہے کہ غیرملکیوں کے لیے مملکت میں جائیداد کی خریداری کے قانون پرعمل درآمد جنوری 2026 سے کیا جائے گاتاہم اس حوالے سے آئندہ 180 دنوں میں نظام کا مسودہ سرکاری پلیٹ فارم ’استطلاع‘ (رائے شماری) پراپ لوڈ کیا جائے گا تاکہ عوامی مشاورت حاصل کی جاسکے۔

اردو نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ سعودی کابینہ کی جانب سے غیرملکیوں کے لئے مملکت میں جائداد کی خریداری کے قانون کی منظوری سے اس شعبے میں مزید ترقی ہو گی اور براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکیوں کے لیے جائیداد کی خریداری کے حوالے سے قانون کی منظوری ملک کے اقتصادی و سماجی پہلووں کو مدنظر رکھتے ہوئے مخصوص شرائط و ضوابط کے تحت کی گئی ہے جس کے لیے جغرافیائی حدود کا تعین کیا جائے گا جیسا کہ ریاض اور جدہ جیسے بڑے شہروں کی حدود جبکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے لئے مخصوص شرائط عائد کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

وزیرسرمایہ کاری نے مزید کہا کہ جائیداد کی خریداری کے حوالے سے منظور ہونے والے قانون کا بنیادی مقصد براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور اس حوالے سے ریئل سٹیٹ مارکیٹ کو بڑھانا اور پراپرٹی ڈویلپرز کے لئے اس شعبے میں سرمایہ کاری کے اہم مواقع فراہم کرنا ہے۔