’’ہم راہول گاندھی کے سینے میں گولی ماریں گے‘‘ بی جے پی ترجمان کی لائیو ٹی وی شو کے دوران دھمکی

جمعرات 2 اکتوبر 2025 17:00

’’ہم راہول گاندھی کے سینے میں گولی ماریں گے‘‘ بی جے پی ترجمان کی لائیو ..
بنگلورو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا Siddaramaiahنے کیرالہ میں ایک ٹی وی مباحثے کے دوران کانگریس رہنما اور پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی کو بی جے پی کے ترجمان کی طرف سے دی گئی جان سے مارنے کی دھمکی پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی اکیلے نہیں ہیں بلکہ انہیں بھارت بھر میں لاکھوں حامیوں کی حمایت حاصل ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سدارامیا نے ایک بیان میں کہا کیرالہ پر بی جے پی کے ترجمان پنٹو مہادیو کی طرف سے نیوز 18پر لائیو شو کے دوران دھمکی حکمراں پارٹی بی جے پی اور اس کے نظریاتی سرپرست جماعت آر ایس ایس، سنگھ پریوار کی طرف سے فروغ دی گئی نفرت اور دھمکی کے خطرناک کلچر کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس خطرناک بیان پر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اس دھمکی کو انکی تائید حاصل ہے۔

انہوںنے کہا کہ اپنے سیاسی مخالفین کو دھمکیاں دینا ، انہیں ختم کرنے کی بات کرنا بی جے پی اور آر ایس ایس کیلئے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی سے شروع ہونے والے قتل کا سلسلہ گووند پنسارے، نریندر دابھولکر، ایم ایم کلبرگی اور صحافی گوری لنکیش کے قتل تک جاری رہا۔انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی آوازوں، ادیبوں اور حقوق کے کارکنوں کے خلاف دھمکیاں انتہائی افسوسناک اور حد درجہ قابل مذمت ہے۔

تاہم اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے راہول گاندھی اور دیگر کو ناانصافی کے خلاف بولنے سے ہرگز روکا نہیں جاسکتا۔کانگریس پارٹی نے باضابطہ طور پر وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھا ہے، جس میں بی جے پی کے ترجمان کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے جس نے دھمکی دی تھی۔