امریکا یوکرین کو پیٹریاٹ میزائل فراہم کرے گا

پیر 14 جولائی 2025 12:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا یوکرین کو پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس میزائل بھیجے گا تاکہ ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے میں مدد ملے۔ شنہوا کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز میری لینڈ میں جوائنٹ بیس اینڈریوز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وضاحت کی کہ یورپی یونین امریکا سے میزائل خریدے گی اور پھر یوکرین کو فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

امریکی صدر نے پیٹریاٹ سسٹم کی تعداد بتائے بغیر کہا کہ ہم بنیادی طور پر انہیں بہت ہی جدید ترین فوجی سازوسامان بھیجنے جا رہے ہیں۔ وہ ہمیں اس کے لیے 100 فیصد ادائیگی کرنے جا رہے ہیں اور یہی ہم چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آنے والے ہفتے میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے سے ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ یوکرین اور دیگر فوری معاملات پر بات چیت کی جا سکے۔