الخدمت چلڈرنز ہسپتال جدید طبی سہولیات کے ساتھ مستحق اور نادار بچوں کا مفت علاج کر رہا ہے، محمد منشاء اللہ بٹ

پیر 14 جولائی 2025 20:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے الخدمت چلڈرنز ہسپتال سیالکوٹ کے دورہ کے دوران ہسپتال کی شاندار اور مثالی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے بچوں کی صحت و علاج کے میدان میں روشن مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ ایک فلاحی جذبے کے تحت دن رات دکھی انسانیت، بالخصوص بچوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے، جو نہایت قابلِ تحسین ہے۔

محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ الخدمت چلڈرنز ہسپتال میں نہ صرف مستحق اور نادار بچوں کا مفت یا کم خرچ پر علاج کیا جا رہا ہے، بلکہ یہاں جدید طبی سہولیات، تجربہ کار عملہ اور صاف ستھرا ماحول بھی موجود ہے، جو کسی بڑے پرائیویٹ ہسپتال سے کم نہیں۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن پنجاب نے اس ادارے کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے اس کا لائسنس سال 2030 تک تجدید کر دیا ہے، جو ادارے کی پیشہ ورانہ قابلیت اور طبی معیار کا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

رکن صوبائی اسمبلی نے ہسپتال کے منتظمین، عملے اور بالخصوص بانیان کو ان کی بے لوث خدمت، وژن اور انتھک محنت پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے ہماری معاشرتی ترقی اور فلاحی نظام کا روشن چہرہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانیت کی خدمت، دکھی عوام کی داد رسی اور خدمتِ خلق جیسے مقاصد کے لیے جو کام الخدمت چلڈرنز ہسپتال کر رہا ہے، وہ ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آخر میں، محمد منشاء اللہ بٹ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ حکومتی سطح پر بھی ایسے فلاحی اداروں کی سرپرستی اور معاونت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ ان کی خدمات مزید وسعت اختیار کر سکیں۔