متحدہ عرب امارات کا بحری جہاز ’’خلیفہ ‘‘غزہ کے لئے7،166 ٹن امداد لے کر رواں

پیر 21 جولائی 2025 12:05

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) متحدہ عرب امارات کا 8 واں بحری جہاز ’’خلیفہ‘‘ غزہ کے لئے 7،166 ٹن امداد لے کر ابوظہبی کی خلیفہ بندرگاہ سے مصر کی العریش بندرگاہ کی طرف روانہ ہو گیا۔ متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق امدادی بحری جہاز ’’آپریشن چیولرس نائٹ 3‘‘ کا حصہ ہے ۔ فوری امدادی سامان سے لدا یہ بحری جہاز غزہ میں فلسطینی عوام کے لیے متحدہ عرب امارات کی جاری انسانی امداد کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

امدادی بحری جہاز ’’خلیفہ ‘‘متحدہ عرب امارات کی طرف سے اب تک بھیجا جانے والا سب سے بڑا امدادی جہاز ہے جس میں 7,166 ٹن ضروری خوراک، طبی اور امدادی سامان موجود ہے۔ کارگو بحری جہاز میں 4,372 ٹن غذائی اشیا، 1,433 ٹن شیلٹر میٹریل، 860 ٹن طبی سامان اور 501 ٹن صحت کا سامان شامل ہے۔ اس نئی امدادی کھیپ کے بعد متحدہ عرب امارات کی طرف سے غزہ کو بھیجی گئی امداد کا کل حجم 77,266 ٹن ہو گیا ہے۔ یہ اقدام ’’آپریشن چیولرس نائٹ 3‘‘ کے تحت شروع کی گئی انسانی ہمدردی کی کوششوں کے سلسلے کا ایک حصہ ہے، جس میں متحدہ عرب امارات کے اپنے انسانی ہمدردی کے اداروں کے تعاون سے متاثرہ اور ضرورت مندوں کو مدد فراہم کرنے کے لئے ثابت قدمی کے عزم کو اجاگر کیا گیا ہے۔