ابوظہبی میں 2027 تک دنیا کی پہلی مصنوعی ذہانت سے چلنے والی حکومت بنانے کی حکمت عملی کا جائزہ

بدھ 1 اکتوبر 2025 16:17

ابوظہبی میں 2027 تک دنیا کی پہلی مصنوعی ذہانت سے چلنے والی حکومت بنانے ..
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) ابوظہبی کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کی موجودگی میں نائب حکمران ابوظہبی شیخ طحنون بن زاید النہیان کی زیر صدارت ابوظہبی آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ابوظہبی حکومت کی ڈیجیٹل اسٹریٹجی 2025-2027 کا جائزہ لیا گیا، جس کا مقصد 2027 تک ابوظہبی کو دنیا کی پہلی مصنوعی ذہانت پر مبنی حکومت میں تبدیل کرنا ہے۔

اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق اس موقع پر مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق منصوبوں، سرمایہ کاری اور تحقیقی سرگرمیوں پر پیش رفت بھی پیش کی گئی۔شیخ طحنون بن زاید نے ابوظہبی حکومت کے ملازمین کو مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز پر تربیتی پروگراموں اور عوامی سطح پر آگاہی مہمات کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات معاشرے کو ڈیجیٹل تبدیلی کا حصہ بنانے اور ابوظہبی کو اختراع اور جدید ٹیکنالوجی کے مرکز کے طور پر مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جو مستقبل پر مبنی شعبوں میں امارات کے اقتصادی کردار کو مضبوط کرنے کے قومی ترجیحات سے ہم آہنگ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کونسل صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے وژن کے مطابق مستقبل کے شعبوں اور جدید ٹیکنالوجی کی معاونت جاری رکھے گی۔ اس مقصد کے لیے مصنوعی ذہانت سے متعلق پالیسیوں، سرمایہ کاری اور تحقیق کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ ابوظہبی کو سرمایہ کاری، شراکت داری اور عالمی ٹیلنٹ کے لیے ایک نمایاں مقام بنایا جا سکے۔اجلاس میں خدمات کو بہتر بنانے، معیار زندگی بلند کرنے اور عالمی رجحانات کے ساتھ ہم آہنگ سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ساتھ ہی ابوظہبی کی مستقبل کی اے آئی ویژن پر بات ہوئی جس میں عالمی سطح کی کمپنیوں اور ٹیلنٹ کو راغب کرنے اور بین الاقوامی مسابقت کو فروغ دینے کے اقدامات شامل ہیں۔شرکاء کو ان اہم منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی جو قومی اداروں کی قیادت میں جاری ہیں، جن میں ابوظہبی ڈویلپمنٹل ہولڈنگ کمپنی، ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک)، محکمہ گورنمنٹ انیبلمنٹ اور محمد بن زاید یونیورسٹی آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس شامل ہیں۔

یاد رہے کہ جنوری 2024 میں قیام کے بعد سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس اینڈ ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی کونسل اے آئی سے متعلق پالیسیوں کی تشکیل، تحقیق اور اختراع کی معاونت اور مقامی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے میں سرگرم عمل ہے تاکہ ابوظہبی میں ان ٹیکنالوجیز کے تیز تر نفاذ کو ممکن بنایا جا سکے۔