چوہدری پرویزالہی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کا عبوری تحریری حکم جاری

پیر 21 جولائی 2025 14:28

چوہدری پرویزالہی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کا  عبوری تحریری حکم جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت نے چوہدری پرویز الہی سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں گذشتہ سماعت کا دو صفحات پر مشتمل عبوری تحریری حکم جاری کیا ہے۔ سپیشل سینٹرل عدالت کے جج محمد عارف خان نیازی نے تحریری حکم جاری کیا،جس میں بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے پرویز الہی کے تفتیشی افسر کو کسی دوسری انکوائری میں معطل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کمیٹی کی منظوری کے بعد ہی چالان عدالت میں جمع کروایا جائے گا۔عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت تک پرویز الہی سمیت دیگر کا چالان عدالت میں جمع کروا دیا جائے۔ پرویز الہی کی حاضری معافی پر شکایت کنندہ نے اعتراض اٹھایا اور موقف اپنایا کہ حاضری معافی کی آڑ میں مقدمے کو غیر ضروری طول دیا جا رہا ہے، جبکہ ابھی تک ٹرائل کا آغاز بھی نہیں کیا گیا۔عدالت نے پرویز الہی کی ایک روزہ حاضری معافی منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 18 اگست تک ملتوی کر دی۔