سعودی وزیر داخلہ کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات، سکیورٹی تعاون کے معاہدوں پر دستخط

منگل 22 جولائی 2025 08:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے لندن میں برطانیہ کی وزیر داخلہ یویٹ کوپر کے ساتھ باہمی سکیورٹی تعاون سے متعلق متعدد معاہدے دستخط کئے ہیں۔ایس پی اےیہ ملاقات سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات کے تحت ہوئی، جس میں دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ سکیورٹی معاملات اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ اجلاس میں سعودی۔

(جاری ہے)

برطانوی مشترکہ سکیورٹی پروگرام (جے پی او ) کے تحت مختلف امور پر بات چیت ہوئی اور کئی معاہدے کیے گئے جو دونوں ملکوں کے اسٹریٹجک شراکت داری اور سکیورٹی تعاون کو مزید بڑھائیں گے۔وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ملاقات دونوں دوست ملکوں کے درمیان سکیورٹی تعاون کو مضبوط کرنے کی حکومتی ہدایات کے مطابق ہے اور سعودی حکومت منظم جرائم کے خلاف مشترکہ اقدامات، تجربات کے تبادلے اور ماہرین کے تعاون کو بڑھانے کی خواہاں ہے۔

انہوں نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاہدوں کے ذریعے سکیورٹی شعبے میں تعاون کی سطح بلند ہو رہی ہے اور اس کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ دونوں حکومتوں کی سکیورٹی کے شعبے میں امیدیں پوری ہوں۔