حمیرا اصغر کے اسٹائلسٹ دانش انکی موت کو کیش کرنے والوں پر برس پڑے

بدھ 23 جولائی 2025 23:36

حمیرا اصغر کے اسٹائلسٹ دانش انکی موت کو کیش کرنے والوں پر برس پڑے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)پاکستانی اداکارہ حمیرا اصغر کے اسٹائلسٹ دانش مقصود اداکارہ کی موت کو کیش کرنے والوں پر برس پڑے۔سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دانش مقصود نے فنکاروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حمیرا اتنے عرصے سے لاپتہ تھیں ان کیساتھ کام کرنے والے بالخصوص حال ہی میں ریلیز ہونیوالی فلم ’لوو گرو‘ کی کاسٹ اور ریئلٹی شو تماشا گھر کے میزبان اور ان کے ساتھیوں کو حمیرا کی گمشدگی کا علم نہیں ہوا۔

انہوں نے سوال اٴْٹھاتے ہوئے کہا کہ میں تو حمیرا کے ساتھ کام نہیں کرتا تھا لیکن جو ان کے ساتھ کام کرتے تھے کیا ان میں سے کسی کو بھی ان کی کمی محسوس نہیں ہوئی ۔دانش مقصود نے حمیرا کی لاش اٴْٹھانے والوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں شروع سے کہہ رہا ہوں کہ حمیرا کی موت 1 ماہ قبل نہیں کئی ماہ قبل ہوئی لیکن جنہوں نے لاش اٴْٹھائی ان کا روز کا کام ہے اکثر وہ لوگ کئی ماہ اور ایک سے زائد برس پرانی لاش بھی اٴْٹھاتے ہیں، کیا انہیں حمیرا کی لاش دیکھ کر اندازہ نہیں ہوا کہ لاش کتنی پرانی ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

اسٹائلسٹ نے یہ کہا کہ جب یہ معاملہ توجہ کا مرکز بنا تو اداکارہ سونیا، یاسر حسین، یشمی گل آگئیں کہ ہم ان کی تدفین کیلئے تیار ہیں تاکہ شہرت حاصل کرسکیں یہ لوگ اس سے پہلے کہاں تھی ۔انہوں نے اداکارہ رابعہ کلثوم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صرف رابعہ کلثوم تھیں جنہوں نے فروری میں مجھ سے اس وقت رابطہ کیا جب میں نے پہلی بار پوسٹ شیئر کی۔