نوجوان میڈیکل طلباء کی جانب سے صحت سے متعلق آگاہی پروگرامز کا انعقاد خوش آئند ہے، ڈپٹی کمشنر محمد وسیم

جمعرات 24 جولائی 2025 18:31

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنرسرگودھانےانٹرنیشنل فیڈریشن آف میڈیکل سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن سرگودھا میڈیکل کالج(IFMSA-SMC) اور ہیومن روٹس اینڈ پیس کے نمائندوں سے ملاقات کی اورصحت عامہ کے فروغ اور ہیپاٹائٹس کی اسکریننگ میں تعاون پر اتفاق کیا ۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)محمد وسیم سے انٹرنیشنل فیڈریشن آف میڈیکل سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن سرگودھا میڈیکل کالج کے صدر اور ہیومن روٹس اینڈ پیس کے مقامی نمائندوں نے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ضلع میں ہیپاٹائٹس کی اسکریننگ اور صحت عامہ سے متعلق آگاہی بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے طلباء کے وژن، جذبے اور کمیونٹی ہیلتھ کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کوسراہااور سرگودہا میں صحت عامہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوان میڈیکل طلباء کی جانب سے صحت سے متعلق آگاہی پروگرامز کا انعقاد خوش آئند ہے اور یہ اقدامات نہ صرف بیماریوں کی روک تھام میں معاون ہوں گے بلکہ عوام میں صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔