بروقت تشخیص اور علاج ہی صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے، ڈاکٹر نیلم طارق

جمعہ 25 جولائی 2025 15:41

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سردار بیگم ہسپتال سیالکوٹ ڈاکٹر نیلم طارق ملک نے چکنگنیا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرےکے پیش نظر عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نےسیالکوٹ میں آگاہی تقریب کے دوران کہا ہے کہ بروقت تشخیص اور علاج ہی صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون میں مچھروں کی افزائش انتہائی تیزی سے ہوتی ہے جس کے باعث چکنگنیا سمیت متعدد وائرل بیماریاں انسانی صحت کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

انہوں نے چکنگنیا وائرس کی علامات، اثرات اور اس سے بچاؤ کی تدابیر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ چکنگنیا وائرس مچھر کے کاٹنے سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، جس کی ابتدائی علامات میں تیز بخار، جوڑوں میں شدید درد، جسمانی تھکن، سوزش اور بعض اوقات جلد پر سرخ دانے شامل ہیں جبکہ بعض مریضوں کو مہینوں تک جوڑوں کے درد کا سامنا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ بیماری سے بچاؤ کا سب سے مؤثر طریقہ یہی ہے کہ مچھر سے بچاؤ کو ترجیح دی جائے، جس کے لیے اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں، گندے پانی کے ذخیرے کو ختم کریں، مچھر مار سپرے کریں، بچوں کو مکمل آستین والے کپڑے پہنائیں اور سونے کے وقت مچھر دانی کا استعمال یقینی بنائیں۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ہاٹ سپاٹس میں فوگنگ کروائیں اور عوامی آگہی مہمات کو بڑھایا جائے تاکہ بیماری سے بچا جا ہو سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ معمولی علامات کو بھی سنجیدگی سے لیں اور فوری طور پر قریبی ہسپتال یا ہیلتھ سینٹر سے رجوع کریں ۔

متعلقہ عنوان :