لاہور، آن لائن ٹیکسی سروس ایپ کے ذریعے لوٹ مار کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب،4 ملزمان گرفتار

سو فٹ ویر آپریٹر ہی نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ نکلا، گرفتار ملزمان میں فرحان، کاشف،فیصل اور ولید شامل، ملزم فرحان اپنے دیگر 3 ساتھیوں کو جعلی اکاؤنٹ بنا کر دیتا تھا، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ایس پی اخلاق تارڑ

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 30 جولائی 2025 14:22

لاہور، آن لائن ٹیکسی سروس ایپ کے ذریعے لوٹ مار کرنے والا نیٹ ورک بے ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جولائی 2025)صوبائی دارالحکومت لاہور میں آن لائن ٹیکسی سروس ایپ کے ذریعے لوٹ مار کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب،4 ملزمان گرفتار،سو فٹ ویر آپریٹر ہی نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ نکلا، گرفتار ملزمان میں فرحان، کاشف، فیصل اور ولید شامل ہیں جن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے،ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ ملزم فرحان اپنے دیگر 3 ساتھیوں کو جعلی اکاؤنٹ بنا کر دیتا تھا۔

جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے ملزمان شہریوں کی کوریئر کی گئی اشیاء چورا کر فرار ہوجاتے تھے۔ملزمان ابتک لاکھوں مالیت کی اشیاء ان ڈرائیو ایپ پر جعلی اکاؤنٹ بنا کر لوٹ چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او گلبرگ تیمور عباس کی پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ان ڈرائیو ایپ سے لوٹ مار میں ملوث گروپ کے 4 ارکان کوگرفتارکیا۔

(جاری ہے)

ملزمان سے لاکھوں مالیت کی چوری شدہ الیکٹرانکس اشیاء، کپڑے، دیگر چیزیں اور 2 پستول برآمد کیا گیا۔پولیس ٹیم اورآن لائن سروس کی ٹیم نے مل کر نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا۔جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے ملزمان شہریوں کی کوریئر کی گئی اشیاء چوری کرفرار ہوجاتے تھے۔خیال رہے کہ اس سے قبل اے این ایف نے پشاور میں کورئیر سروس کے ذریعے منشیات کی ترسیل کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب کیاتھا۔

اے این ایف ٹیم کی مکمل نگرانی کے بعد حاجی کیمپ پشاور کے قریب 3 ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار کئے گئے تھے جبکہ ملزمان کی سہولت کاری میں ملوث کوریئر آفس کا ملازم بھی گرفتار کیا گیاتھا۔ترجمان اے این ایف کے مطابق نوشہرہ سے زاہد الرحمٰن نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا جس نے 11 منشیات بھرے پارسل مختلف شہروں کیلئے بک کئے تھے۔ منشیات والے پارسل 25، 26 مارچ اور 7 اپریل کو ضبط کئے گئے تھے جو کہ مختلف شہروں کو بھیجے جا رہے تھے۔

ملزمان کے قبضے سے 2 کلو چرس برآمد کی گئی۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان بین الصوبائی منشیات ترسیل میں ملوث تھے۔ ملزمان نے باڑہ اور دیگر علاقوں سے منشیات حاصل کرکے کوریئر سروس کے ذریعے منتقل کیں تھیں۔پارسل میں سے 5.7 کلو چرس، 200 گرام آئس، 120 ایکسٹسی گولیاں، 150 گرام افیون، جعلی کرنسی اور 30 بور پستول بھی زاہد الرحمٰن کے قبضے سے برآمد کی گئی تھی۔ گرفتار ملزم زاہد الرحمٰن کی دی گئی معلومات اور اے این ایف کی انٹیلیجنس کے ذریعے 11 اپریل کو منشیات سمگلر محمد یونس کے سیالکوٹ ترسیل کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی۔