ڈپٹی کمشنر سارہ جاوید کی زیر صدارت ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد، ہیومن پیپلوما وائرس ویکسینیشن مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 31 جولائی 2025 18:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید کی زیر صدارت ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت، محکمہ تعلیم اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں 9 سے 14 سال تک کی بچیوں کو ہیومن پیپلوما وائرس (HPV) سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی مہم، جو 15 سے 27 ستمبر 2025 تک جاری رہے گی، کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت دی کہ اس عمر کی زیر تعلیم بچیوں کا مکمل ڈیٹا محکمہ صحت کے حوالے کیا جائے تاکہ انہیں بروقت ویکسین لگا کر سروائیکل کینسر (بچہ دانی کے کینسر) سے محفوظ بنایا جا سکے۔ اجلاس کے دوران محکمہ صحت کے نمائندوں نے اب تک کی تیاریوں پر بریفنگ دی اور مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر سارہ جاوید نے کہا کہ صحت مند معاشرہ قائم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے بروقت ویکسینیشن اور احتیاطی تدابیر ناگزیر ہیں۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر دولت جمالی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مصطفیٰ لغاری، آفتاب احمد (یونیسیف)، ڈاکٹر سید بلال حسین (WHO)، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :