ہری پور ،محکمہ تعلیم (زنانہ) کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کی مناسبت سےمختلف ہم نصابی سرگرمیاں منعقدکی جائیں گی۔ڈی ای او

جمعرات 31 جولائی 2025 18:40

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) محکمہ تعلیم (زنانہ) کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کی مناسبت سے ضلع و تحصیل کی سطح پر مختلف ہم نصابی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ضلعی تعلیمی افسر (زنانہ) شگفتہ جبین کے مطابق ان تقریبات کا مقصد طالبات میں حب الوطنی کے جذبہ کو فروغ دینا اور قومی دن کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔۔انہوں نے بتایا کہ ان سرگرمیوں میں تقریری مقابلے، کوئز، ملی نغمے، ٹیبلو، شجرکاری، صفائی مہم، واک، بینرز کی نمائش، دعاؤں اور ختم القرآن کی محافل شامل ہوں گی۔

تحصیل سطح پر گرلز ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں کے مابین تقریری اور کوئز مقابلے منعقدہوں گے۔تحصیل خانپور میں 7 اگست کو گورنمنٹ گرلز ہائی سکول خانپور میں تقریری مقابلہ جبکہ 8 اگست کو گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول بانڈی منیم میں کوئز مقابلہ منعقد ہوگا۔

(جاری ہے)

تحصیل غازی میں 7 اگست کو گورنمنٹ گرلز ہائی سکول غازی خالو میں تقریری مقابلہ اور 8 اگست کو گرلز ہائی سکول غازی ہملیٹ میں کوئز کا انعقاد کیا جائے گا۔

تحصیل ہری پور میں 7 اگست کو گرلزہائرسیکنڈری سکول کے ٹی ایس نمبر2 میں تقریری مقابلہ جبکہ 8 اگست کو گرلزہائرسیکنڈری سکول کے ٹی ایس نمبر1 ہری پور میں کوئز ہوگا۔ شگفتہ جبین نے واضح کیا کہ پرائمری اور مڈل سکولوں کی سطح پر یہ تمام سرگرمیاں (تقریری مقابلے، کوئز، ملی نغمے، ٹیبلو، واک، شجرکاری، صفائی مہم، بینرز کی نمائش، دعائیہ محافل اور ختم القرآن) اسکول کے اندرونی سطح پر ہی منعقد کی جائیں گی تاکہ چھوٹی جماعتوں کی طالبات بھی قومی دن میں بھرپور حصہ لے سکیں 7 تا 14 اگست تمام گرلز سکولوں میں خصوصی شجرکاری مہم، صفائی ستھرائی، یومِ آزادی واکس، بینرز کی نمائش اور عمارتوں کی تزئین و آرائش کی سرگرمیاں جاری رہیں گی، جبکہ 14 اگست کو دعاؤں، ختم القرآن اور عمارتوں کی روشنیوں سے سجاوٹ کی جائے گی۔

ڈی ای او (زنانہ) ہری پور نے تمام پرنسپلز، ہیڈ مسٹریسز، اور ایس ڈی ای اوز کو ہدایت کی کہ وہ ان سرگرمیوں کی بھرپور منصوبہ بندی کریں، طالبات کی مکمل شمولیت یقینی بنائیں اور تمام تقریبات کی تصویری و تحریری رپورٹس بروقت دفتر ہذا کو ارسال کریں۔

متعلقہ عنوان :