چین کا بیلاروس کی سیمنٹ فیکٹریوں اور آئل ریفائنریز کو جدید بنانے کیلئے معاونت فراہم کرنے میں دلچسپی کا اظہار

منگل 12 اگست 2025 12:20

منسک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) چین نے بیلاروس کی سیمنٹ فیکٹریوں اور آئل ریفائنریز کو جدید بنانے کیلئے معاونت فراہم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ بیلٹا کے مطابق یہ معاملہ بیلاروس کی ڈپٹی وزیر معیشت الیسیا ابرامینکو اور چائنا نیشنل مشینری انڈسٹری کارپوریشن (سی ایم آئی سی ) کے غیر ملکی اقتصادی و تکنیکی تعاون کے سربراہ لی گوانگین کے درمیان ملاقات میں زیر غور آیا۔

بیلاروس کی وزارت معیشت کی پریس سروس کے مطابق ملاقات میں وزارتِ تعمیرات و آرکیٹیکچر، بیلاروس اسٹیٹ کنسرن برائے آئل اینڈ کیمیکلز ، بیلاروس گلاس کمپنی، موزیر اور نفتان آئل ریفائنریز کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔الیسیا ابرامینکو نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری صنعتی تعاون پر مبنی ہے، بیلاروس کی مہارت اور چین کی جدید ٹیکنالوجیز مشترکہ مستقبل کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

لی گوانگین نے چائنا نیشنل مشینری انڈسٹری کارپوریشن کے بارے میں تفصیلی پریذنٹیشن دی اور سی ایم آئی سی کے اہم شعبوں، جدید حل اور دوطرفہ تعاون کے ممکنہ مواقع کو اجاگر کیا۔ چینی فریق نے بیلاروس کی سیمنٹ اور آئل ریفائننگ سیکٹر کو جدید بنانے میں تعاون کی اپنی دلچسپی کی تصدیق کی۔ الیسیا ابرامینکو نے مزید کہا کہ بیلاروس کا صنعتی شعبہ اپنی صلاحیتوں میں اضافہ اور نئی ٹیکنالوجیز اپنانے کا خواہاں ہے اور ہم باہمی مفاد کے عملی شعبوں پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :