شہری جوائن اوٹی ایس نامی جعلی ٹیسٹنگ کمپنی کی طرف سے فیسکو میں بھرتیوں کے اشتہار ات سے ہوشیاررہیں،ترجمان

اتوار 17 اگست 2025 13:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) انتظامیہ کے نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ جوائن اوٹی ایس نامی جعلی ٹیسٹنگ کمپنی کی طرف سے فیسکومیں مختلف آسامیوں پر بھرتیوں کیلئے سادہ لوح لوگوں کوانٹرویوزکیلئے ایس ایم ایس بھیجے جارہے ہیں اور انٹرویوکی فیس کا مطالبہ بھی کیاجارہا ہے۔اس سلسلے میں عوام الناس کو مطلع کیاجاتا ہے کہ فیسکو نے کسی قسم کی بھرتی کا کوئی اشتہار نہ دیا ہے اور نہ ہی کسی اسامی کیلئے انٹرویوز کئے جارہے ہیں۔

فیسکو کی جانب سے بھرتیوں کیلئے جاری کردہ اشتہارات باضابطہ طور قومی اخبارات میں شائع کئے جاتے ہیں جس کی تفصیلات فیسکوکی ویب سائیٹ (www.fesco.com.pk)پر بھی شائع کی جاتی ہیں۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ ایسے دھوکے باز اور جھوٹے عناصر سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی قسم کے مشکوک اشتہار پر بغیر مکمل تحقیق کے اپلائی نہ کریں اور نہ ہی کوئی فیس کی ادائیگی کریں۔

(جاری ہے)

فیسکو ترجمان کے مطابق کچھ ماہ قبل اسی جوائن اوٹی ایس نامی جعلی کمپنی کی طرف سے سوشل میڈیا پرفیسکو میں مختلف کیٹیگری کی سکیل 9تا16تک کی 36 خالی آسامیوں پر بھرتی کا اشتہار وائرل ہواتھا جس میں جعل ساز وں نے ہر آسامی پر اپلائی کرنے کیلئے ایک ہزارپچاس روپے فیس مقرر کی تھی۔جس پر فیسکو نے فوری طورپر سوشل میڈیا اور قومی اخبارات میں عوام الناس کی آگاہی اور ان دھوکے باز عناصر سے بچنے کیلئے ہدایات جاری کردی تھیں۔

لہٰذا فیسکو انتظامیہ کی طرف سے دوبارہ عوام الناس کو خبردارکیاجاتا ہے کہ وہ جعلی اور خود ساختہ ٹیسٹنگ کمپنی جوائن اوٹی ایس کی طرف سے انٹریوز کیلئے بھیجے گئے ایس ایم ایس کے عوض کسی قسم کی فیس کی ادائیگی نہ کریں۔فیسکو میں بھرتی کے عوض رقم کے لین دین کی صورت میں متعلقہ شخص خود ذمہ دارہوگا۔فیسکو انتظامیہ اس سلسلے میں ذمہ دار نہ ہوگی۔