بیوی، بچیوں اور ساس پر تیزاب پھینکنے والا شخص پنجاب پولیس کے ہاتھوں مارا گیا

اتوار 5 اکتوبر 2025 13:00

بیوی، بچیوں اور ساس پر تیزاب پھینکنے والا شخص پنجاب پولیس کے ہاتھوں ..
لیاقت پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے شہر لیاقت پور میں ایک شخص پنجاب پولیس کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں ہلاک ہو گیا ہے، پولیس کے مطابق اس نے اپنی بیوی، بچیوں اور ساس پر تیزاب پھینکا تھا۔لیاقت پور پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تھانہ ترنڈہ محمد پناہ پولیس اور چند ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں چند روز قبل اپنی بیوی، بچیوں اور ساس پر تیزاب پھینکنے والا ملزم ہلاک ہو گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق تھانہ ترنڈہ کی حدود میں ناکہ بندی کی گئی تھی، جسے چند ملزمان توڑ کر فرار ہو رہے تھے، جنھیں روکنے کی کوشش کی گئی، تاہم مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی میں ایک ملزم ہلاک، جب کہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت ریاض کے نام سے ہوئی ہے، جس سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، ریاض چند روز قبل بیوی، بچیوں اور ساس پر تیزاب پھینکنے میں ملوث تھا، تیزاب گردی کے اس واقعے میں بیوی اور 4 سالہ بیٹی جاں بحق ہو گئی تھی، جب دوسری بیٹی اور ساس زخمی ہو گئی تھی۔ترجمان پولیس کے مطابق لیاقت پور ڈی پی او عرفان علی سموں نے پولیس ٹیم کو اس کارروائی پر شاباش دی ہے اور کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔