چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کاغان میں بی آئی ایس پی ڈائنامک رجسٹریشن سینٹر کا افتتاح کیا

پیر 18 اگست 2025 22:42

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کاغان میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کاغان میں مستحق خاندانوں کی سہولت اور فلاح و بہبود کے پیش نظر بی آئی ایس پی ڈائنامک رجسٹریشن سینٹر کا افتتاح کیا ہے۔اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ اس رجسٹریشن سینٹر کے قیام کا مقصد مستحق خاندانوں کو ان کے قریبی علاقے میں ہی فوری اور آسان سروے کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند افراد بی آئی ایس پی میں اپنا اندراج کروا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کاغان سے بالاکوٹ کا سفر نہ صرف طویل ہے بلکہ دشوار گزار پہاڑی راستوں پر مشتمل ہے۔ ایسے میں اس سینٹر کے قیام سے یہاں کی خواتین اور بزرگ افراد کو اپنے ہی علاقے میں رجسٹریشن اور دیگر سہولیات گھر کی دہلیز پر میسر آئیں گی۔

(جاری ہے)

یہ اقدام بی آئی ایس پی کے وژن ’’کوئی مستحق خاندان محروم نہ رہ جائے‘‘ کی عملی تعبیر ہے۔کاغان آمد پر ننھی بچیوں نے پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا پرتپاک استقبال کیا ۔

اس کے ساتھ ساتھ مقامی خواتین نے بھی سینیٹر روبینہ خالد کا پرجوش خیر مقدم کیا اور اپنی دعائوں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دورے کے دوران چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے ایک کھلی کچہری کا انعقاد بھی کیا۔ انہوں نے خواتین کے مسائل براہ راست سنے، ان کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیئے اور بی آئی ایس پی کے مختلف پروگرامز بشمول بینظیر کفالت، بینظیر نشوونما اور بینظیر تعلیمی وظائف کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔

بالخصوص سروے رجسٹریشن کا طریقہ کار، کٹوتیوں کی شکایات کے اندراج کا عمل، 8171 سہولت اور بائیومیٹرک تصدیق جیسے اہم موضوعات پر رہنمائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ میرے یہاں آنے کا مقصد خواتین کے مسائل براہِ راست سننا اور ان کے فوری ازالے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہے۔بعد ازاں چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے ڈائنامک رجسٹریشن سینٹر میں خواتین کا سروے اپنی نگرانی میں مکمل کروایا۔ انہوں نے سٹاف کو ہدایت دی کہ مستحق، غریب اور بزرگ خواتین کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں تاکہ وہ باآسانی اور عزت نفس کے ساتھ اپنے اندراج کا عمل مکمل کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :