پاکستان کا تجارتی خسارہ پہلی سہ ماہی میں 9.36 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا

درآمدات میں اضافے اور برآمدات میں مسلسل کمی تجارتی خسارے کو بڑھا رہی ہے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر اور معیشت پر دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے، ماہرین

جمعرات 2 اکتوبر 2025 19:40

پاکستان کا تجارتی خسارہ پہلی سہ ماہی میں 9.36 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2025ء) رواں مالی سال 26-2025 کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 32.92 فیصد بڑھ کر 9 ارب 36 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک جا پہنچا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق اس عرصے میں درآمدات میں نمایاں اضافہ جبکہ برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا ستمبر 2025 کے دوران درآمدات 13.49 فیصد بڑھ کر 16 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔

صرف ستمبر کے مہینے میں درآمدات کا حجم 5 ارب 84 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا۔

(جاری ہے)

برآمدات کے محاذ پر صورتحال منفی رہی اور پہلی سہ ماہی میں برآمدات 3.83 فیصد کمی کے بعد 7 ارب 60 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک محدود رہیں۔ ستمبر 2025 میں سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں 11.71 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، جب کہ ماہانہ برآمدات کا حجم 2 ارب 50 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ ہوا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ستمبر میں تجارتی خسارہ سالانہ بنیادوں پر 45.83 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 16.33 فیصد بڑھ کر 3 ارب 34 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ درآمدات میں اضافے اور برآمدات میں مسلسل کمی تجارتی خسارے کو بڑھا رہی ہے، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر اور معیشت پر دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔