درخت زمین کا حسن ہیں ان کی بدولت آنے والی نسلوں کو صحت مند اور خوشگوار ماحول میسر آئے گا، کنٹرولر امتحانات بلوچستان عابدہ کاکڑ

منگل 19 اگست 2025 16:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) کنٹرولر امتحانات بلوچستان عابدہ کاکڑ نے کہا ہے کہ درخت زمین کا حسن ہیں اور ان کی بدولت آنے والی نسلوں کو صحت مند اور خوشگوار ماحول میسر آئے گا، شجرکاری محض رسمی مہم نہیں بلکہ یہ ہمارے مستقبل کی بقا اور ماحولیاتی تحفظ کی ضمانت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شجرکاری مہم کے موقع پربات چیت کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ماحولیاتی آلودگی، درجہ حرارت میں اضافہ اور بارشوں کے غیر متوازن نظام نے انسانی زندگی کو شدید خطرات سے دوچار کردیا ہے، ایسے میں شجرکاری کو اپنی ذاتی اور اجتماعی ذمہ داری سمجھنا ہوگا۔ ا ن کا کہنا تھا کہ بلوچستان جیسے خشک خطے میں درخت لگانا نہ صرف ماحولیاتی بہتری کا ذریعہ ہے بلکہ یہ پانی کے تحفظ اور زمینی کٹاؤ کو روکنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

عابدہ کاکڑ نے طلبہ، اساتذہ اور والدین پر زور دیا کہ وہ اس مہم میں بھرپور حصہ لیں اور کم از کم ایک پودا ضرور لگائیں۔کنٹرولر امتحانات نے کہا کہ نوجوان نسل کو درختوں کی اہمیت سے آگاہ کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے کیونکہ یہی نسل مستقبل میں اس خطے کو سرسبز بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

متعلقہ عنوان :