سیلاب قدرتی آفت ہے جس سے نجات کیلئے رجوع الی اللہ کی سخت ضرورت ہے، مولانا فضل الرحمن

متاثرہ علاقوں کوآفت زدہ قرار دیکر ایمرجنسی بنیادوں پرریلیف پہنچایا جائے ، متاثرہ خاندانوں کیلئے ہمارے کارکن چوبیس گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں، الخیرٹرسٹ انکی مددوبحالی کیلئے اول روزسے کوشاں ہے جس میں کسرنہیں چھوڑی جائیگی، سربراہ جے یو آئی

منگل 19 اگست 2025 23:00

سیلاب قدرتی آفت ہے جس سے نجات کیلئے رجوع الی اللہ کی سخت ضرورت ہے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ سینئر سیاستدان مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ سیلاب قدرتی آفت ہے جس سے نجات کیلئے رجوع الی اللہ کی سخت ضرورت ہے، متاثرہ علاقوں کوآفت زدہ قرار دیکر ایمرجنسی بنیادوں پرریلیف پہنچایا جائے ، متاثرہ خاندانوں کیلئے ہمارے کارکن چوبیس گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں، الخیرٹرسٹ انکی مددوبحالی کیلئے اول روزسے کوشاں ہے جس میں کسرنہیں چھوڑی جائیگی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جے یوآء کے فلاحی ادارے الخیر ٹرسٹ کے چیئرمین محمدطاہرانصاری سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے حالیہ سیلاب متاثرین کیلئے الخیرٹرسٹ کی بروقت امدادی کاروائیوں پراطمینان کااظہارکرتے ہوئے چیئرمین طاہرانصاری کو خدمات تیز کرنے کی ہدایت کردی ۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ پانچ دن گزرنے کے باوجود تاحال درجنوں افراد لاپتہ ہیں جن کوا بھی تک نکالا نہیں جاسکا چاہیے تو یہ تھاکہ حکومت اس حوالے سے سنجیدہ اورجنگی بنیادوں پر اقدامات کرتی مگراب تک متعدد خاندان لاپتہ ہیں جس سے متاثرہ خاندان غم وسوگ کی حالت سے دوچارہیں۔

انہوں نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام کے کارکن اول دن سے متاثرین سیلاب کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں اوراپنی مددآپ کلے تحت متاثرہ خاندانوں کی مددوبحالی کیلئے شب وروز ایک کئے ہوئے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ سیلاب متاثرین کے دکھ دردوغم میں ہم سب برابرکے شریک ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ خیبرپختونخوا سمیت گلگت بلتستان اورکشمیرمیں مزیدطوفانی بارشوں کیسبب سیلاب کاخطرہ موجودہوسکتاہے حکومت پیشگی اقدامات کرے تاکہ مزید تباہی سے بچاجاسکے انہوں نیکہاکہ اس وقت توبہ واستغفار اوررجوع الی اللہ کی اشدضرورت ہے تاکہ اللہ پاک پاکستانی قوم پررحم فرمائے انہوں نے کہاکہ وقت کاتقاضاہے کہ سیاسی اختلافات ومفادات سے ھٹ کراہنے پریشان اورمشکل زدہ بھائیوں کی دل کھول کرمدد کی جائے انہوں نیمخیر حضرات سے بھی پرزوراپیل کی کہ وہ اس مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے آگے آئیں ۔