درخت انسانی صحت کیلئے لازم و ملزوم ہیں،کمشنر کوئٹہ

یہ نہ صرف ہمارے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں ، شاہزیب خان کاکڑ

بدھ 20 اگست 2025 21:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء) کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے کہا ہے کہ درخت انسانی صحت کے لیے لازم و ملزوم ہیں، یہ نہ صرف ہمارے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس کوئٹہ میں پودا لگا کر ڈویژن میں مون سون شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تغیرات سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ معاشرے کا ہر فرد اپنے حصے کا کم از کم ایک درخت ضرور لگائے۔ انہوں نے کہاکہ درخت انسانی صحت کے تحفظ، صاف فضا کی فراہمی اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے ضامن ہیں۔ کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ جنگلات اور سبزہ زار قدرت کی وہ نعمتیں ہیں جن کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر شجرکاری مہم کے دوران کوئٹہ ڈویژن کے مختلف اضلاع میں ہزاروں پودے لگائے جائیں گے۔ سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں اور عام شہریوں کو اس قومی ذمہ داری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ شجرکاری کو تحریک کی شکل دی جا سکے۔کمشنر شاہزیب خان کاکڑ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری کے ساتھ ساتھ پہلے سے لگائے گئے درختوں کی دیکھ بھال بھی یقینی بنائیں تاکہ یہ درخت صحیح معنوں میں معاشرے کو فائدہ پہنچا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ "درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، جس سے نہ صرف انسان بلکہ چرند پرند بھی مستفید ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ یہ آئندہ نسلوں کے لیے صحت مند ماحول فراہم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :