وزیر لائیو سٹاک و زراعت پنجاب کا دورہ سینٹر آف ایکسیلنس فار بووائن جینیٹکس اوکاڑہ ،جدید سیکس سارٹڈ سیمن لیبارٹری کا تفصیلی معائنہ کیا

جمعرات 21 اگست 2025 17:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) پنجا ب کے وزیر برائے لائیو سٹاک و زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے سیکرٹری احمد عزیز تارڑ کے ہمراہ سینٹر آف ایکسیلنس فار بووائن جینیٹکس اوکاڑہ کا دورہ کیا، چیئرمین جی سی ایل ریٹائرڈ جنرل شاہد محمود نے مہمانوں کا استقبال کیا۔وزیر لائیو سٹاک کو ادارے میں قائم جدید سیکس سارٹڈ سیمن لیبارٹری کا تفصیلی معائنہ کرایا گیا اور بتایا گیا کہ یہ مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور افزائشِ نسل کے جدید تقاضوں کے مطابق قائم کی گئی ہے،اس کے ذریعے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا۔

سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیراعلی ٰ کے ویژن کے تحت لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی کے لیے متعدد انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، ان میں سے ایک منصوبہ ہرڈ ٹرانسفارمیشن پروگرام ہے جس کے تحت اعلیٰ نسلی خصوصیات کے حامل جانوروں کا سیمن فراہم کیا جائے گا، اس اقدام سے نہ صرف جانوروں کی نسل بہتر ہوگی بلکہ دودھ اور گوشت کی ملکی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا جو زرِمبادلہ کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ادارے کی تکنیکی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے جدید منصوبے کسانوں کی معاشی خوشحالی اور لائیو سٹاک سیکٹر کی پائیدار ترقی کے ضامن ہیں۔بعد ازاں انہوں نے فان گرو پرائیویٹ لمیٹڈ خانیوال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جدید ان وٹرو فرٹیلائزیشن اور ایمبریو ٹرانسفر لیبارٹری کا افتتاح کیا اور فارم پر موجود جانوروں کے شیڈز کا معائنہ اور کاشت شدہ کپاس کی فصل کا جائزہ لیا۔

اس دورے کا مقصد لائیو سٹاک و زراعت کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، محکمہ لائیو سٹاک اور نجی شعبے کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور مستقبل کے اشتراک کے امکانات بارے بات چیت کرنا تھا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نجی و سرکاری شراکت داری لائیو سٹاک سیکٹر کو مضبوط بنانے اور غذائی تحفظ یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (پروڈکشن)، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ملتان ڈویژن اور ڈائریکٹر کمیونیکیشن بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :