محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کی جانب سے 11 ارب روپے کی خطیر رقم سے لائیوسٹاک کارڈ کے دوسرے فیز کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ،کمشنرساہیوال

منگل 19 اگست 2025 17:48

محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کی جانب سے 11 ارب روپے کی خطیر رقم ..
ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر قیادت محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کی جانب سے 11ارب روپے کی خطیر رقم سے لائیوسٹاک کارڈ کے دوسرے فیز کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔ اس مرحلے میں لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے کسانوں کو30 فیصد رقم کیش نکلوانے کی سہولت حاصل ہوگی جبکہ وہ رجسٹرڈ ڈیلرز سے ونڈا، سائلج اور منرل خریدا جاسکتا ہے۔

5 تا20 نر جانور رکھنے والے کسانوں کے لئے ایک لاکھ 35ہزار تا5لاکھ 40ہزار روپے کے بلاسود قرضے دیے جائیں گے جن کی واپسی کی مدت6ماہ اور سود کی شرح صفر فیصد ہے۔ یہ بات کمشنرساہیوال ڈاکٹرآصف طفیل کی زیر صدارت محکمہ لائیوسٹاک کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر رانا عبدالروف نے بتائی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈائریکٹ ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، اے سی جنرل غلام حسین بھٹی سمیت محکمہ لائیوسٹاک کے افسران نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر عبدالروف نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر لائیوسٹاک کے شعبے کی ترقی کے لئے5ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں جن میں ایک ارب روپے کی لاگت سے وزیر اعلیٰ پنجاب لائیوسٹاک کارڈ کا آغاز، ایک ارب روپے کی لاگت سے غریب و بیوہ اور مطلقہ خواتین میں ویہڑیوں /جھوٹیوں کی مفت تقسیم، 30کروڑ روپے کی لاگت سے وزیراعلیٰ پنجاب انٹرن شپ پروگرام، 79کروڑ روپے کی لاگت سے جانوروں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے ہرڈ ٹرانسفارمیشن پروگرام، 38کروڑ روپے کی لاگت سے منہ کھر کنٹرول پروگرام اور 5کروڑ روپے سے غیرنسلی گائیوں کی جینیاتی بہتری کا منصوبہ شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ویٹرنٹی اسسٹنٹ فارمرز کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں، تمام ہسپتالوں میں ادویات دستیاب ہیں اور ویکسینیشن بالکل فری ہے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے منصوبوں بارے عوام کو آگاہی دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان ان پروگرامز سے مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے محکمہ لائیوسٹاک کے افسران پر زور دیا کہ وہ مویشی پال حضرات سے قریبی رابطہ میں رہیں اور ان کی رہنمائی کریں تاکہ لائیوسٹاک کا شعبہ بھی ملکی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرسکے۔

کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے جانوروں کی ویکسینیشن کے طریقہ کار پراطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس خطہ کی مشہور ساہیوال گائے اور نیلی راوی بھینس کی ترقی و ترویج، ان قیمتی نسلوں کی بقا اور ترقی کے حوالے سے مزید کام کرنے پر زور دیا۔