طاہرہ اورنگزیب کا مختلف علاقوں کا دورہ، انسدادِ ڈینگی اقدامات کا جائزہ لیا

جمعہ 22 اگست 2025 22:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ڈی ایچ او) راول ٹاؤن ڈاکٹر حسین ترمزی کے ہمراہ انسدادِ ڈینگی مہم کے تحت راولپنڈی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انسدادِ ڈینگی ٹیم بھی ان کے ہمراہ موجود تھی جس نے علاقے میں جاری سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

انہوں نے سب سے پہلے سکستھ روڈ سروس اسٹیشن پیٹرول پمپ (یونین کونسل 13) کا معائنہ کیاجہاں صفائی ستھرائی کے انتظامات، پانی کے نکاس اور ڈینگی لاروا کے خاتمے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے (یونین کونسل 17) ڈبل روڈ کا دورہ کیا جہاں موجودہ صورتحال کا مشاہدہ کرنے کے ساتھ ساتھ پارک میں انسدادِ ڈینگی اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ایک نجی ہوٹل اور مغلاں قبرستان (یونین کونسل 15) پنڈورہ ٹائر شاپ قبرستان کا بھی دورہ کیا گیا جہاں ڈینگی لاروا کی افزائش کے امکانات ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کا معائنہ کیا گیا۔

طاہرہ اورنگزیب اور شازیہ رضوان نے شہریوں کو آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ قبرستانوں اور ایسے مقامات پر کھڑا پانی ڈینگی مچھر کی افزائش کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتا ہے اس لیے عوام کو اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیے۔انسدادِ ڈینگی ٹیم کے ہمراہ وفد نے سید پور روڈ (یونین کونسل 19) کا بھی معائنہ کیا جہاں مختلف دکانوں اور ٹائر شاپس میں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

بعد ازاں انہوں نے ہولی فیملی ہسپتال کے قریب واقع سراجیہ پارک میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) اور ایک سماجی تنظیم (این جی او) کے تعاون سے پودے لگائے اور شہریوں میں پودے تقسیم بھی کیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم این اے طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ ماحولیاتی بہتری اور شجرکاری ڈینگی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگی کیونکہ یہ ماحول کو صاف اور صحت مند بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی تعاون سے ڈینگی کے خلاف بھرپور مہم چلا رہی ہے اور میڈیا کے ذریعے عوام میں آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر حسین ترمزی نے کہا کہ انسدادِ ڈینگی کے لیے فیلڈ ٹیمیں دن رات سرگرم ہیں اور شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پانی جمع نہ ہونے دیں اور حکومتی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انسدادِ ڈینگی مہم میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی تعاون کے بغیر اس مہم کو کامیاب نہیں بنایا جا سکتا۔