ْجشن عید میلاد النبیﷺ کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس میئر ہاؤس سکھر میں منعقد ہوا

جمعرات 28 اگست 2025 18:34

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)جشن عید میلاد النبیﷺ کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس میئر ہاؤس سکھر میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کی۔ اجلاس میں ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل، میونسپل کمشنر علی رضا انصاری، ٹاؤن چیئرمین محمد دین راجپوت، عزیز اللہ مغل، طارق چوہان سمیت شہر کے ممتاز علمائے کرام نے شرکت کی جن میں مفتی ابراہیم قادری، مولانا عثمان فیضی، قاری ساجد، حامد محمود فیضی، غیاث قادری، اللہ وسایو اندھڑ، محبوب سہتو سمیت دیگر شامل تھے۔

اجلاس میں علمائے کرام نے جشن کے انتظامات کے حوالے سے اپنی قیمتی آراء اور تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہر سال کی طرح اس سال بھی جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کو شایانِ شان اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔

(جاری ہے)

شہر کو دلہن کی طرح سجایا جائے گا، چراغاں ہوگا، بڑے پیمانے پر پینا فلیکس لگائے جائیں گے، جبکہ حسب روایت درگاہوں پر ذاتی طور پر سبیلوں کے علاوہ جلوس کے تمام روٹس پر بھی سبیلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

میئر سکھر نے مزید کہا کہ تمام جلوس روٹس پر صفائی ستھرائی، نکاسی آب کے مسائل، سڑکوں کی ہمواری اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عاشقانِ رسولﷺ کو کسی بھی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 1500 ویں ولادت باسعادت کے موقع پر میونسپل جناح اسٹیڈیم میں ٹاؤنز کے تعاون سے عظیم الشان نعتیہ پروگرام منعقد کیا جائے گا، جس میں ملک کے نامور نعت خواں بارگاہِ رسالت مآب ? میں ہدیہ نعت پیش کریں گے، اور اس پروگرام کی تاریخ کا حتمی اعلان مفتی ابراہیم قادری کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

شجرکاری آج کے دور کی بنیادی ضرورت ہے۔ صرف پودا لگانا کافی نہیں بلکہ اس کی دیکھ بھال اصل خدمت ہے۔ میونسپل کارپوریشن سکھر ہر شہری کو مفت پودے فراہم کرے گی تاکہ سکھر کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔ صفائی نصف ایمان ہے اور یہ سنتِ نبوی ﷺہے۔ جشن کے موقع پر خصوصی صفائی مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ شہر میں پاکیزہ اور خوشگوار ماحول قائم کیا جا سکے۔ آخر میں اجلاس دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جو مفتی ابراہیم قادری نے کرائی۔