جاپان کا روس میں قائم تمام "جاپان سینٹرز" بند کرنے کا فیصلہ

بدھ 10 ستمبر 2025 13:34

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) جاپان نے روس میں قائم جاپان سینٹر کی تمام چھ شاخوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جاپانی نشریاتی ادارے ٹی بی ایس کے مطابق اس بات کا اعلان جاپان کے چیف کابینہ سیکریٹری یوشیماسا ہایاشی نے پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ روس میں موجودہ داخلی صورتحال اور ماسکو و ٹوکیو کے درمیان تعلقات کی حالیہ کیفیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

جاپانی حکام نے اس فیصلے سے روسی حکومت کو باقاعدہ طور پر آگاہ بھی کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ "جاپان سینٹر" ایک خودمختار غیر منافع بخش ادارہ ہے جو روسی پیشہ ور افراد، بالخصوص کاروباری رہنماؤں اور کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں کو تربیت فراہم کرتا رہا ہے۔ اس ادارے میں مختلف لیکچرز اور سیمینارز کا انعقاد کیا جاتا تھا، جبکہ ممتاز شرکاء کو جاپان میں انٹرن شپ کے مواقع بھی دیے جاتے تھے۔یہ مراکز جاپانی حکومت کی مالی معاونت سے روس میں جاپانی سفارتخانے کے ذریعے چلائے جا رہے تھے۔ ان میں مرکزی دفتر ماسکو اسٹیٹ یونیورسٹی کے احاطے میں واقع تھا، جبکہ دیگر پانچ شاخیں ولادی ووستوک، نزنی نووگورود، سینٹ پیٹرز برگ، خاباروفسک اور سخالین میں قائم تھیں۔

متعلقہ عنوان :