ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے عمل میں شفافیت، ادارہ جاتی نگرانی اور طریقہ ہائے کار کی پاسداری ہر سطح پر یقینی بنائی جائے گی،وفاقی وزارت منصوبہ بندی،ترقی وخصوصی اقدامات

منگل 16 ستمبر 2025 18:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) وفاقی وزارت منصوبہ بندی،ترقی وخصوصی اقدامات نے کہاہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے عمل میں شفافیت، ادارہ جاتی نگرانی اور طریقہ ہائے کار کی پاسداری ہر سطح پر یقینی بنائی جائے گی،پی ایس ڈی پی میں صوبائی منصوبوں کی منظوری کے عمل سے متعلق جاری کیا گیا سرکلر نظرِ ثانی کے بعد واپس لے لیا گیا تھا۔

منگل کویہاں جاری بیان میں وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات نے وفاقی حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام(پی ایس ڈی پی) میں صوبائی منصوبوں کی منظوری کے عمل سے متعلق حالیہ میڈیا رپورٹس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے جاری کیا گیا سرکلر نظرِ ثانی کے بعد واپس لے لیا گیا تھا اور اس کی واپسی کا باضابطہ نوٹیفکیشن 25 اگست 2025ء کو جاری کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزارت نے ہدایت کی تھی کہ اس سے قبل دی گئی ہدایات پر عمل درآمد کے تحت کیے گئے تمام اقدامات منسوخ تصور کیے جائیں۔بیان میں واضح کیا گیاہے کہ موجودہ طریقہ کار کے تحت بعض منصوبوں کی منظوری کے لیے سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) و ایکنک کی منظوری لازمی ہے اور یہ طریقہ کار اسی وقت تبدیل ہوگا جب کوئی نیاو باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

بیان میں تمام متعلقہ شراکت داروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پالیسی فیصلوں کی غلط تشریح سے بچنے کے لیے صرف تازہ ترین سرکلرز اور سرکاری مراسلات کو مدنظر رکھیں۔وزارت نے اس امرکا اعادہ کیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے عمل میں شفافیت، ادارہ جاتی نگرانی اور طریقہ ہائے کار کی پاسداری ہر سطح پر یقینی بنائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :