Live Updates

سیلابی دباؤ سے ایم فائیو کے متعدد اسٹرکچرز متاثر، این ایچ اے کی بحالی سرگرمیاں جاری

جلال پور پیر والا کے اطراف حفاظتی بندوں میں شگاف، موٹروے ڈھانچے کو نقصان،،پانچ اسٹرکچرز مکمل اور چار جزوی طور پر متاثر، چیئرمین این ایچ اے موقع پر موجود

منگل 16 ستمبر 2025 20:05

سیلابی دباؤ سے ایم فائیو کے متعدد اسٹرکچرز متاثر، این ایچ اے کی بحالی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء)دریائے چناب اور ستلج میں غیر معمولی سیلاب کے باعث جنوبی پنجاب خصوصاً جلال پور پیر والا شہر کے اطراف حفاظتی پشتوں میں کئی مقامات پر شگاف پڑ گئے، جس سے موٹروے ایم۔فائیو کے متعدد اسٹرکچرز کو نقصان پہنچا۔ترجمان این ایچ اے کے مطابق سیلابی پانی کے دباؤ سے پانچ اسٹرکچرز مکمل جبکہ چار جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔

جانوروں کے لیے مختص گذرگاہوں میں پانی کے بہاؤ نے بھی موٹروے کے ڈھانچے کو متاثر کیا۔ تاہم موٹروے کے نیچے پانی کے بہاؤ کے لیے بنائے گئے پوائنٹس پر پانی کی روانی معمول کے مطابق ہے۔این ایچ اے متاثرہ ڈھانچوں کی مضبوطی کے لیے اسٹون پیچنگ اور دیگر بحالی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ وزیراعظم اور وفاقی وزیرِ مواصلات کی خصوصی ہدایات پر سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے خود متاثرہ مقام پر موجود ہیں اور بحالی کے کاموں کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین این ایچ اے کے مطابق ایم۔فائیو کی بحالی کم سے کم وقت میں مکمل کرنا اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے این ایچ اے کے ماہر انجینئرز، بہترین افرادی قوت اور جدید ترین مشینری دن رات مصروفِ عمل ہیں۔ درکار میٹریل بشمول پتھر وافر مقدار میں موقع پر فراہم کر دیا گیا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ این ایچ اے کی ٹیم نہ صرف متاثرہ مقام کی بحالی میں سرگرم ہے بلکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے بھی جامع اقدامات کر رہی ہے۔ موٹروے کے دیگر مقامات پر بھی عملہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات