ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنربٹگرام کی زیر صدارت مرغی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق اجلاس ، ڈیلرز کو مقررہ قیمتوں پر عمل درآمد کی ہدایت کی

جمعرات 18 ستمبر 2025 10:30

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنربٹگرام اختر رسول کی زیر صدارت مرغی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مقامی ڈیلرز سمیت متعلقہ سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں مرغی کی قیمتوں میں اضافے کے مسئلہ پر غور کیا گیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ ہر صورت اس بات کو یقینی بنائے کہ مرغی اور دیگر ضروری اشیائے خوردونوش حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں کے مطابق فروخت ہوں۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ کسی بھی ڈیلر یا تاجر کی جانب سے زائد قیمتوں کی وصولی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام ڈیلرز اور تاجروں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ مقررہ قیمتوں پر مکمل عمل درآمد کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی و انتظامی کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انتظامیہ نے کہا کہ اس سلسلے میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو فیلڈ میں قیمتوں کی جانچ پڑتال کریں گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ بٹگرام نے عوامی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ناجائز منافع خوری کی فوری اطلاع دیں، عوام کو اشیا خوردونوش کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ عنوان :