ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام تیزی سے مکمل ہو رہا ہے،ترجمان

اتوار 21 ستمبر 2025 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام میں شاندار پیشرفت حاصل کی ہے۔ترجمان کے مطابق ٹائون ہال میں ہونے والے ہفتہ وار جائزہ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مدثر نواز، سی او ایم سی ایل، ایم ڈی واسا، اسسٹنٹ کمشنرز، نیسپاک، ای سی ایس پی اور ایل ایم کے آر کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے فیز ون کے منصوبے تکمیل کے قریب پہنچ گئے ہیں جبکہ فیز ٹو پر کام شروع ہو چکا ہے۔ واسا نے ڈرین اور واٹر سپلائی کے نظام میں بہتری کی بریفنگ دی اور باقی کام برسات کے بعد تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ نیسپاک کو تعمیراتی معیار یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی جبکہ ترقیاتی کاموں کے دوران تمام تجاوزات، غیر قانونی تھڑے اور شیڈز ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان اقدامات سے شہر کی خوبصورتی بڑھے گی اور شہریوں کو پائیدار سہولیات میسر ہوں گی، جس میں شفافیت اور ٹائم لائن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔