لاوی پن بجلی منصوبہ کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، معاون خصوصی انجنئیر طارق سدوزئی

اتوار 21 ستمبر 2025 21:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے توانائی انجینئر طارق سدوزئی نے کہا ہے کہ پن بجلی منصوبوں کی بروقت تکمیل صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ان منصوبوں کی بدولت نہ صرف صوبے میں توانائی کے بحران پر قابو پایا جا سکے گا بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور عوام کو سستی بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع چترال لوئر میں زیرتعمیر 69 میگاواٹ لاوی پن بجلی منصوبے کے سائٹ کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر جاوید آفریدی، کمانڈنٹ چترال اسکاوٹس، ایس پی، ایس ایس یو، اسسٹنٹ کمشنر دروش، کنٹریکٹر اور پیڈو کے ملازمین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے منصوبے کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور مختلف امور کا جائزہ لیا جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے درپیش مسائل اور منصوبے پر پیشرفت حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر انجینئر طارق سدوزئی نے منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور بروقت تکمیل کے لئے عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاوی پن بجلی منصوبہ علاقے کے عوام کی ترقی اور صوبے کے لئے ایک اہم منصوبہ ہے، صوبائی حکومت پن بجلی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انجینئر طارق سدوزئی نے کہا کہ لاوی سمیت دیگر پن بجلی منصوبوں کی تکمیل سے خیبر پختونخوا میں بجلی کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، جس سے نہ صرف لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی بلکہ صوبے کی معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے علاقے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔