گلبرگ میں 4 کنال پلاٹ پر قبضے ،غیر قانونی دیوار سے متعلق کیس کی سماعت (کل ) تک ملتوی

منگل 23 ستمبر 2025 17:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے گلبرگ میں 4 کنال پلاٹ پر قبضے اور غیر قانونی دیوار سے متعلق کیس کی سماعت کل ( بدھ) تک ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دئیے ہیں کہ یہ معاملہ مختلف اداروں کے ایک دوسرے پر الزامات لگانے کی وجہ سے پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے آغاز پر وکیل وقار اے شیخ نے موقف اپنایا کہ ایل ڈی اے کا یہ فرض ہے کہ اگر کوئی سرکاری زمین یا سڑک پر دیوار تعمیر کرے تو وہ اسے گرا دے، مگر ایل ڈی اے اس ذمہ داری کو پورا نہیں کر رہی،ایل ڈی اے کو کون سا قانون دیوار گرانے سے روکتا ہی ۔جسٹس راحیل کامران نے ریمارکس دئیے کہ آپ کے پاس اس پلاٹ کی ملکیت کا ثبوت کہاں ہی ۔

(جاری ہے)

وقار اے شیخ نے جواب دیا کہ یہ پلاٹ گلبرگ اسکیم کا ہے اور ان کی ملکیت ہے لیکن سول ایوی ایشن نے اس پلاٹ پر غیر قانونی طور پر دیوار تعمیر کر دی ہے۔

سماعت کے دوران وکیل سول ایوی ایشن نے عدالت کو بتایا کہ دیوار دراصل سول ایوی ایشن نے کھڑی کی ہے۔ ائیر فورس کے وکیل نے موقف اپنایا کہ سول ایوی ایشن کو ائیرپورٹ پر متبادل جگہ فراہم کر دی گئی ہے اور اب ائیر فورس اس جگہ پر سکول تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔اس پر جسٹس راحیل کامران شیخ نے ریمارکس دئیے کہ ائیر فورس کا سول آبادی میں کیا کام ہی ۔جب یہاں ائیرپورٹ تھا تو صورتحال مختلف تھی لیکن اب اس علاقے میں سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ قائم ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ مختلف اداروں کے ایک دوسرے پر الزامات لگانے کی وجہ سے پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے۔عدالت نے تمام فریقین کو مزید وضاحت کے لیے تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کردی۔