صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم گڈ گورننس روڈ میپ کے حوالے سے اجلاس

منگل 23 ستمبر 2025 21:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع بشمول صوبے کے تمام سکولوں کو فرنیچر کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ٹاٹ کلچر کا مکمل طور پر خاتمہ ہوگا اور تمام سکولوں میں وائٹ بورڈز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت کی طرف سے تمام بچوں کو مفت سکول بیگز بھی فراہم کیے جائیں گے۔

ان سب کے لیے ایک جامع پروکیورمنٹ پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ جبکہ سکول، ڈسٹرکٹ آفسز، ڈائریکٹوریٹ اور سیکرٹریٹ لیول پر بھی نئے و پرانے سامان کی انونٹری کا حساب رکھا جائے گا اور اس تمام پراسس میں کوالٹی کو یقینی بنانے کے لیے کمیٹیاں بھی قائم کی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلیم گڈ گورننس روڈ میپ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں محکم تعلیم کے اسپیشل سیکرٹریز، ایجوکیشن ایڈوائزر میاں سعد الدین،ڈائریکٹر ایجوکیشن ناہید انجم، ڈائریکٹر ڈی پی ڈی مطہر خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے ہدایت جاری کی کہ پروکیورمنٹ پراسس کی پوری تکمیل کے لیے سنٹرلائزڈ سسٹم اور دیگر ذرائعوں پر غور کیا جائے گا جبکہ ضم اضلاع اور خواتین کے اسکولوں کو پہلے فیز میں سپلائی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیر تعلیم نے مزید ہدایت جاری کی کہ صوبے کے تمام ہائر سیکنڈری سکولوں میں آئی ٹی لیبز بنائے جائیں گے اور پالیسی کے تحت ہائی اور مڈل سکولوں میں بھی آئی ٹی لیبز بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

وزیر تعلیم نے حکام کو مزید ہدایت جاری کرتے ہوئے بتایا کہ آؤٹ سورسنگ کے لیے اگلے اجلاس میں بزنس پلان پیش کیا جائے۔ اور مختلف پروپوزلز زیر غور لائے جائیں جس سے تعلیم کی کوالٹی کی بہتری یقینی بنائی جا سکے اور تمام بچوں کو اپنے ہی علاقوں میں بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ وزیر تعلیم نے جاری داخلہ مہم کو 15 اکتوبر تک توصیع دینے کی بھی منظوری دی انہوں نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ٹارگٹ پورا کرنے اور ہر سکول کے گرد و نواح میں بھرپور داخلہ مہم چلانے کی ہدایت کی۔

محکمہ تعلیم کے نئے پروگرام تعلیم کارڈ کے حوالے سے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ اس میں تمام پیکجز شامل کئے جائیں اور اس کو پائلٹ کے بعد صوبے کے تمام اضلاع کے تمام طلبہ تک توصیع دی جائے انہوں نے کہا کہ مفت کتابوں، سکالرشپس ماہانہ وظائف اور دیگر تمام پیکجز تعلیم کارڈ میں شامل ہوں گی۔ فیصل خان ترکئی نے ایجوکیشن حکام کو ہدایت کی کہ پیرنٹس ٹیچرز کونسل کے گائیڈ کی فوری طور پر متعلقہ فورم سے منظوری لی جائے اور اس کو کیبنٹ میں جلد از جلد پیش کیا جائے جس کے بعد تمام پی ٹی سی کو فعال کرنے کے ساتھ ساتھ جن میں ممبران کا دورانیہ پورا ہو چکا ہے ان کا دوبارہ الیکشن بھی کرایا جائے۔

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ صوبے بھر کے تمام اضلاع میں محکم تعلیم کی طرف سے کھیلوں کے ٹورنامنٹس کے آغاز کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے اور محکمہ کھیل کے ساتھ مشاورت کی جائے جبکہ نومبر کے مہینے تک ان ٹورنامنٹس کو تکمیل تک پہنچایا جائے۔ وزیر تعلیم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہر پرائمری سکول میں چار اساتذہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کئے گئے ہیں۔

ایٹا کے ذریعے اساتذہ کی تعیناتی کا عمل تکمیل کے مراحل میں ہے یونیسیف کے تعاون سے بھی اساتذہ بھرتی کیے جائیں گے جبکہ 2500 انٹرنیز کو بھی سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے سختی سے ہدایت جاری کی کہ جتنے بھی اساتذہ مختلف اداروں میں ڈیپوٹیشن پر تعینات ہیں یا پھر لمبی چھٹیاں لی ہیں ان کی مکمل تفصیلات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کو واپس سکولوں میں لانے کے لیے تجاویز بھی پیش کی جائے انہوں نے کہا کہ ہمیں اسکولوں میں اساتذہ کی ضرورت ہے اس لیے تمام ڈیپوٹیشن اور چھٹیاں منسوخ کر کے اساتذہ کی کمی پوری کر دی جائے۔

وزیر تعلیم نے اساتذہ اور کلیریکل سٹاف کی حاضری یقینی بنانے کے لئے بائیومیٹرک مشینیں لگانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اضلاع کی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریبات بھی منعقد کی جائے گی۔