لاہورہائیکورٹ، کم عمر بچوں کے ٹک ٹاک استعمال پر پابندی کیلئے پی ٹی اے کو دی گئی درخواست کی تفصیل طلب

جمعرات 25 ستمبر 2025 16:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے کم عمر بچوں کے فیس بک اور ٹک ٹاک استعمال پر پابندی کے لیے دائر درخواست پردرخواست گزار کے وکیل سے پی ٹی اے کو دی گئی درخواست کی تفصیل طلب کرلی۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

دوران سماعت درخواست گزار اعظم بٹ کے وکیل رانا سکندر نے موقف اپنایا کہ بچے سوشل میڈیا پر نامناسب مواد دیکھ کر متاثر ہورہے ہیں،ان کی تعلیمی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔

استدعا ہے کہ کم عمر بچوں کے فیس بک اور ٹک ٹاک استعمال پر پابندی عائد کرنے کا حکم دیا جائے ۔ عدالتی استفسار پر درخواست گزار کے وکیل رانا سکندر نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی اے کو ڈاک کے ذریعے درخواست بھجوائی گئی ہے ۔عدالت نے ہدایت دی کہ بتایا جائے پی ٹی اے کو کب درخواست دی گئی اور ادارے نے کب وصول کی ۔