یورپی آئی ٹی کمپنی کا ازبکستان میں اپنے آپریشنز کے توسیعی منصوبوں کا اعلان

بدھ 1 اکتوبر 2025 11:20

تاشقند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) یورپ کی نمایاں آئی ٹی کمپنی ایکسیسا (Accesa)نے ازبکستان میں اپنے آپریشنز کے توسیعی منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ازبک میڈیا کے مطابق وزیر برائے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز شرزاد شرمتوف نے ایکسیسا اور اس کی ذیلی کمپنی کے نمائندوں سے ملاقات کی جو یورپ میں بینکاری شعبے اور ہائی ٹیک انڈسٹریز کے لیے ڈیجیٹل سلوشنز فراہم کرنے والی ایک بڑی کمپنی ہے۔

ملاقات میں ازبکستان میں کمپنی کے آپریشنز کے دائرہ کار کو بڑھانے، قومی آئی ٹی ایکو سسٹم میں سرمایہ کاری میں اضافے، نوجوانوں کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے، ماہرین کی تربیت اور پیشہ ورانہ ترقی کے پروگراموں کے انعقاد بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ آئی ٹی سروسز کی برآمدات کو فروغ دینے، سٹارٹ اپس کے ساتھ تعاون بڑھانے اور اختراعی منصوبوں کی معاونت کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ازبک وزیر نے زور دیا کہ ان کا ملک معروف بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو وسیع پیمانے پر اپنی جانب راغب کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل ملک کی برآمدی صلاحیت بڑھانے، ڈیجیٹل معیشت کی تیز رفتار ترقی یقینی بنانے اور عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مستحکم کرنے میں مددگار ہوگا۔ کمپنی کے نمائندوں نے ازبکستان میں آئی ٹی شعبے کی ترقی کے لیے فراہم کردہ سازگار حالات خصوصاً ازبکستان آئی ٹی پارک کی جانب سے فراہم کردہ انفراسٹرکچر اور قانونی سہولتوں کو سراہا۔