طوفانی بارشوں کی پیشنگوئی، سول ڈیفنس کا ایمرجنسی پلان فعال رکھا جائے ،کمشنر راولپنڈی ڈویژن

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 14:48

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے واسا اور میونسپل اداروں کو بارشوں کے دوران نکاسی آب اور ڈرینج سسٹم کی بہتری کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔یہ ہدایات انہوں نے کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران دیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے 5 تا 7 اکتوبر تک طوفانی بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔

اس سلسلے میں سول ڈیفنس کا ایمرجنسی پلان فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔ کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ شہر کی خوبصورتی، ٹریفک کی روانی اور ماحولیات کی بہتری کے لئے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں اور ہر محکمے کا فوکل پرسن اپنی کارکردگی کی رپورٹ باقاعدگی سے پیش کرے۔

کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ وہ تجاوزات کے جائزہ کے حوالے سے آئندہ ہفتے راجہ بازار اور کمرشل مارکیٹ کا دورہ کریں گے اور وہاں پر تجاوزات کے خاتمے کے علاوہ جاری ترقیاتی کاموں، صفائی کی صورتحال اور ٹریفک مینجمنٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔ کمشنر راولپنڈی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ ڈویژن کے داخلی و خارجی راستوں پر محکمہ خوراک کی چیک پوسٹیں فعال کریں اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز ڈیوٹی روسٹر کے مطابق وہاں پر تمام محکموں کی حاضری یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :