ملتان چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری اور نجی فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی معاہدے پر دستخط

منگل 7 اکتوبر 2025 17:55

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) معذور افراد کی فلاح و بہبود، شمولیت اور بااختیاری کے فروغ کے لیے ملتان چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری اور نجی فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔یہ معاہدہ معذور افراد کے حقوق کے تحفظ، روزگار کے مواقع، تعلیم، آگاہی اور جامع ترقی کے فروغ کے لیے دونوں اداروں کے درمیان تعاون کا فریم ورک فراہم کرے گا۔

اس سلسلے میں چیمبر سیکرٹریٹ حسن پروانہ کالونی میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں ملتان چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر حافظ عمیر سعید اور نجی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن آمنہ آفتاب نے معاہدے پر دستخط کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ عمیر سعید نے کہا کہ یہ معاہدہ ایک دیرینہ ضرورت تھی، جس کے ذریعے یہ پیغام دینا مقصود ہے کہ معذور افراد کی شمولیت خیرات نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری اب اس بات پر متفق ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس موقعہ پر آمنہ آفتاب نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ آج ہم نے ایسے ادارے کے ساتھ شراکت داری کی ہے جو معذور افراد کے لیے عملی اقدامات کے لیے پرعزم ہے۔ یہ معاہدہ ہمارے مشن کو نئی سمت دے گا۔ترجمان کے مطابق اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے معذور افراد کے لیے خصوصی تربیتی پروگرامز، روزگار کے مواقع اور آگاہی مہمات پر مشترکہ طور پر کام کریں گے تاکہ انہیں معاشی طور پر خودمختار اور معاشرتی طور پر باوقار مقام دلایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :