پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نمایاں تیزی، 100 انڈیکس میں 1066 پوائنٹس کا اضافہ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 11:29

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نمایاں تیزی، 100 انڈیکس میں 1066 پوائنٹس کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو کاروباری سرگرمیوں کے دوران نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی، جب سرمایہ کاروں نے حصص کی بھرپور خریداری کی۔ دن کے آغاز سے ہی مارکیٹ میں مثبت رجحان رہا اور کاروبار کے آغاز میں 100 انڈیکس 1066 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1,66,333 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ۔

مارکیٹ میں مجموعی طور پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری دیکھی گئی، جس کی بڑی وجہ معاشی اشاریوں میں بتدریج استحکام اور روپے کی قدر میں معمولی بہتری بتائی جا رہی ہے۔ سرمایہ کاروں نے بالخصوص توانائی، بینکنگ، سیمنٹ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں دلچسپی ظاہر کی۔کاروبار کے دوران 1.28 ارب سے زائد حصص کے سودے ہوئے جن کی مالیت تقریباً 12.6 ارب روپے رہی۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر 365 کمپنیوں کے حصص کی لین دین ہوئی جن میں سے 220 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 110 کے نرخوں میں کمی جبکہ 35 کے ریٹس مستحکم رہے۔بینکنگ اور توانائی کے شعبے نمایاں طور پر سرگرم رہے، جہاں بڑے سرمایہ کار اداروں نے طویل المدتی خریداری کے سودے کیے۔ ماہرین کے مطابق حکومت کی طرف سے جاری معاشی اصلاحات، آئی ایم ایف پروگرام کے تسلسل اور متوقع غیر ملکی سرمایہ کاری کے باعث مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔