یانگو ڈیلیوری کا پاکستان میں اپنی خدمات کا دائرہ وسیع، کار کورئیر سروس کا آغاز

جمعرات 9 اکتوبر 2025 14:55

یانگو ڈیلیوری کا پاکستان میں اپنی خدمات کا دائرہ وسیع، کار کورئیر سروس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اکتوبر2025ء) یانگو ڈیلیوری، جو عالمی ٹیک کمپنی یانگو گروپ کا حصہ ہے، نے پاکستان میں اپنی خدمات کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے نئی کار کورئیر سروس متعارف کروا دی ہے۔ اس سروس کے ذریعے صارفین اب Yango ایپ کے ذریعے بڑے اور بھاری پارسلز کی ترسیل بھی باآسانی کر سکیں گے۔ یانگو ڈیلیوری کی یہ نئی پیشکش فی الحال لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی کے تمام علاقوں میں دستیاب ہے، جس کا مقصد صارفین کو تیز، محفوظ اور قابلِ اعتماد کورئیر سہولت فراہم کرنا ہے۔

یانگو ڈیلیوری کی نئی کار کورئیر سروس بائیک کوریئرز اور کارگو ٹرکوں کے درمیان موجود خلا کو پُر کرتی ہے، صارفین کو ایک ایسا قابلِ بھروسہ مگر کم لاگت حل فراہم کرتی ہے جو اُن پارسلز کے لیے موزوں ہے جو موٹر بائیک کے لیے بہت بڑے مگرٹرک کے لیے بہت چھوٹے ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

اعلیٰ معیار کی سروس کو یقینی بنانے کے لیے،کار کورئیر ٹیرف کے تحت منتقل کی جانے والی تمام ڈیلیوریوں کا بیمہ کیا جائے گا جس میںپارسل کی زیادہ سے زیادہ قیمت دس ہزار روپے فی آرڈر مقرر کی گئی ہے۔

کار کورئیر سروس یانگو ڈیلیوری کی موجودہ مصنوعات کی رینج میں ایک نیا اضافہ ہے، جو پہلے سے دستیاب موٹر بائیکس، رکشہ اور بڑے کارگو ڈیلیوری ٹیرف کے ساتھ پیش کی جا رہی ہے۔ یہ نیا آپشن چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMBs) کے ساتھ ساتھ انفرادی صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے، تاکہ وہ خوردہ آرڈرز، دفتری سامان اور ذاتی اشیاء کی ترسیل میں زیادہ لچک اور سہولت حاصل کر سکیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یانگو ڈیلیوری میں جنوبی ایشیا کے ریجنل ہیڈ محمد احسن اکبر نے کہا کہ یانگو اس بات کے لیے پُرعزم ہے کہ وہ ایسے جدید حل فراہم کرے جو پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ڈیلیوری مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کار کورئیر سروس اس سمت میں ایک اہم قدم ہے، جو نہ صرف کاروباری طبقے کو اپنے آپریشنز میں وسعت دینے میں مدد دے گی بلکہ عام صارفین کے لیے پارسل بھیجنے کے عمل کو زیادہ آسان اور مؤثر بنائے گی۔

یہ نیا لانچ یانگو کی اُس وسیع حکمتِ عملی کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت کمپنی پاکستان میں اپنی ڈیلیوری سروسز کو عمودی طور پر وسعت دے رہی ہے اور ڈیجیٹل کامرس کے فروغ میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ ٹائرڈ ڈیلیوری سلوشنز متعارف کروا کر، یانگو کاروباری اداروں کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ بغیر بھاری سرمایہ کاری کے اپنی لاجسٹکس کو زیادہ مؤثر اور منظم بنا سکیں، جبکہ صارفین کو سستی، محفوظ اور قابلِ اعتماد ڈیلیوری کے مزید اختیارات فراہم کیے جا سکیں۔