راولپنڈی میں منشیات فروشی ،شراب سپلائی ،غیر قانونی اسلحہ اور آتشبازی کے خلاف کریک ڈاؤن ،11 ملزمان گرفتار

جمعرات 9 اکتوبر 2025 14:26

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) راولپنڈی پولیس نے شہر کے مختلف تھانوں کی حدود میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 11 ملزمان گرفتارکر کے منشیات ،شراب،غیر قانونی اسلحہ اور آتشبازی کا سامان برآمد کر لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ صدر واہ پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائیوں کے دوران تین منشیات سپلائرز کو گرفتار کر کے ہیروئن، آئس اور چرس برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

زیرِ حراست افراد سے ایک کلو 260 گرام ہیروئن، 550 گرام آئس اور ایک کلو 660 گرام چرس برآمد ہوئی۔ رتہ امرال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شاہراہِ عام پر آتش بازی کرنے والے شخص کو گرفتار کر کے 18 عدد سوتر گولے اور 12 عدد ہوائیاں برآمد کر لیں۔ راولپنڈی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 7 افراد کو حراست میں لے کر 45 لیٹر شراب اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کر لیا۔ تھانہ بنی پولیس نے دو، کینٹ، سول لائنز اور ٹیکسلا پولیس نے ایک ایک شخص کو شراب برآمدگی پر گرفتار کیا، جبکہ مندرہ اور روات پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد کے خلاف الگ مقدمات درج کر لیے۔