قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1 چترال میں ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی کل سے جمع کروائے جاسکیں گے، پولنگ 23نومبر کو ہوگی، الیکشن کمیشن

منگل 14 اکتوبر 2025 17:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1 چترال میں ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی(کل) بدھ سے جمع کروائے جاسکیں گے،اس حلقہ میں پولنگ 23نومبر کو ہوگی، یہ نشست رکن قومی اسمبلی عبدالطیف کی نااہلی کی وجہ سے خالی ہوئی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق کمیشن نے پشاور ہائی کورٹ کے یکم اکتوبر کے فیصلے کی روشنی میں اپنے اختیارات بروئے کار لاتے ہوئے اس حلقے میں ضمنی انتخاب کے لئے شیڈول جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)

شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی (کل )بدھ سے 17 اکتوبر تک جمع کرائے جاسکیں گےجن کی جانچ پڑتال 22 اکتوبر کو ہوگی،کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 27 اکتوبر تک دائر کی جاسکیں گی اور اپیلٹ ٹربیونل کی جانب سے ان پر فیصلہ 3 نومبر تک ہوگا۔نظرثانی شدہ فہرست 4 نومبر کو جاری کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی 5نومبر تک واپس لئے جاسکیں گے۔امیدواروں کو انتخابی نشانات 6نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے جبکہ پولنگ 23 نومبر کو ہوگی۔ریجنل الیکشن کمشنر مالاکنڈ اعجازاحمدکو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر تعینات کیا گیاہے۔