تھلیسیمیا سے بچاؤ ممکن ہے، اسکریننگ ہی واحد حل ہے،سندھ یونیورسٹی جامشورو میں آگاہی سیمینار

بدھ 15 اکتوبر 2025 21:12

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) سندھ یونیورسٹی جامشورو میں ”تھلیسیمیا سے بچاؤ ممکن ہے، اسکریننگ ہی اہم ہے“ کے عنوان سے ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ و طالبات میں تھلیسیمیا کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور ان کے مفت اسکریننگ ٹیسٹ کروانا تھا۔ یہ سیمینار بیورو آف اسٹيگس کی جانب سے پرین رسول تھلیسیمیا کیئر ٹرسٹ بلڈ بینک اینڈ لیبارٹری کے تعاون سے انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ کے آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیا۔

تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری، ڈین فیکلٹی آف کامرس اینڈ بزنس ایڈمنسٹریشن پروفیسر ڈاکٹر جاوید چانڈیو، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ پروفیسر ڈاکٹر حاکم علی مہیسر، منیجر پریس سید سجاد حسین شاہ سمیت بڑی تعداد میں اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر دُرِ ناز جمال نے کہا کہ تھلیسیمیا ایک خطرناک مگر قابلِ علاج اور قابلِ روک تھام بیماری ہے۔

اگر بروقت اسکریننگ اور آگاہی فراہم کی جائے تو اس پر مکمل طور پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو شادی سے قبل لازمی طور پر تھلیسیمیا ٹیسٹ کرانا چاہیے، کیونکہ اگر میاں بیوی دونوں کو تھلیسیمیا مائنر ہو تو ان کے بچے میں تھلیسیمیا میجر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ڈاکٹر دُرِ ناز جمال نے زور دیا کہ تعلیمی اداروں کو جینیاتی بیماریوں سے متعلق آگاہی پھیلانے میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں باقاعدہ خون کی اسکریننگ کیمپ اور آگاہی سیشنز کے ذریعے نوجوانوں کو باخبر اور ذمہ دار شہری بنا سکتی ہیں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد مری نے بیورو آف اسٹيگس اور پرین رسول تھلیسیمیا کیئر ٹرسٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیاں سندھ یونیورسٹی کے صحتِ عامہ اور سماجی ذمہ داری کے عزم کی عکاس ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر پرین رسول تھلیسیمیا کیئر ٹرسٹ بلڈ بینک اینڈ لیبارٹری کی ٹیم نے طلبہ کے مفت تھلیسیمیا اسکریننگ ٹیسٹ کیے۔