ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مقبول احمد کاکڑ کا ڈسٹرکٹ میڈیسن اسٹور لورالائی کا دورہ

جمعرات 16 اکتوبر 2025 23:07

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز لورالائی ڈویژن ڈاکٹر مقبول احمد کاکڑ نے آج ڈسٹرکٹ میڈیسن اسٹور لورالائی کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد اسٹور میں موجود ادویات کی دستیابی، اسٹوریج کے انتظامات اور مجموعی فعالیت کا جائزہ لینا تھا تاکہ عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

اس دوران ڈاکٹر مقبول احمد کاکڑ نے اسٹور میں رکھی گئی مختلف اقسام کی ادویات کا معائنہ کیا، ان کی معیاد، معیار اور سٹاک رجسٹر کے اندراجات کا بغور جائزہ لیا۔ انہوں نے خاص طور پر اس امر پر زور دیا کہ تمام ضروری ادویات مناسب مقدار میں دستیاب ہونی چاہئیں اور انہیں صاف و محفوظ ماحول میں ذخیرہ کیا جانا چاہیے تاکہ مریضوں کو بروقت اور مؤثر علاج میسر آ سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسٹور انچارج فارماسسٹ عبدالمنان ملازئی اور اسٹور کیپر عبدالواحد میرزئی نے ڈائریکٹر ہیلتھ کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے سٹور کے موجودہ انتظامی ڈھانچے، ادویات کی ترسیل کے عمل، اسٹاک میں موجود کمی بیشی اور بعض عملی مشکلات سے آگاہ کیا جن میں فنڈز کی قلت، بعض اہم ادویات کی عدم دستیابی، اور گودام کی ناکافی گنجائش شامل ہیں۔

ڈاکٹر مقبول احمد کاکڑ نے مسائل غور سے سنے اور کہا کہ محکمہ صحت عوامی فلاح کے لیے دستیاب وسائل کا بہتر استعمال یقینی بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسٹور میں درپیش مشکلات کو متعلقہ اعلیٰ حکام تک پہنچایا جائے گا اور ان کے جلد از جلد حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوا کی دستیابی صحت کے نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا تاخیر ناقابل قبول ہے۔

ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے اسٹور کے عملے کی محنت اور ذمہ داری کو سراہتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اسٹاک مینجمنٹ کو مزید موثر بنائیں اور ہر مرحلے پر شفافیت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر اصلاحات جاری ہیں اور عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ عنوان :